i پاکستان

برطانیہ ودیگر ممالک کا فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں،طاہر اشرفیتازترین

September 22, 2025

سربراہ پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ برطانیہ ، کینیڈا اور آسٹریلیاکی طرف سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ مزید ممالک بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کریں گے، یہ فلسطینیوں کے خون اور جدوجہد کا ثمر ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے اِس کیلئے جدوجہد کی، وزیر اعظم پاکستان شہبازشریف اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نیویارک میں فلسطین کے حوالے سے پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کی ترجمانی کریں گے۔

سربراہ پاکستان علما کونسل کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا، برطانیہ ، کینیڈ اور دیگر ممالک کی طرف سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے حوالے سے جدوجہد پر سعودی عرب کے وزیر خارجہ امیر فیصل بن فرحان ، پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سعودی عرب کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔حافظ طاہر محمود اشرفی کا مزید کہنا تھا کہ امید رکھتے ہیں کہ ان شا اللہ اب فلسطینیوں کو ان کا حق ملے گا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھی اب فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کریں تا کہ یہ بربریت اور وحشت کا سلسلہ بند ہو۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی