خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی کار پر فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ محکمہ صحت کا ملازم شدید زخمی ہوگیا جبکہ بنوں میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے تھانہ صدر کے ایس ایچ او ایک اہلکار سمیت زخمی ہو گئے،پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک دہشتگرد ہلاک اور اسکا ساتھی فرار ہوگیا ۔ پولیس حکام کے مطابق چارسدہ کے علاقے غنی خان روڈ پر افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے کار پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ محکمہ صحت کا ملازم شدید زخمی ہوگیا۔شہید ہونے والے پولیس اہلکار کی شناخت فاروق کے نام سے ہوئی ہے، جو نیب آفس میں ڈیوٹی پر تعینات تھا، فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق اہلکار کی نعش اور زخمی کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں، حملہ آوروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔دوسری جانب بنوں میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے تھانہ صدر کے ایس ایچ او ایک اہلکار سمیت زخمی ہو گئے۔ ، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک دہشت گرد ہلاک اور اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔مارے گئے دہشت گرد سے اسلحہ اور دستی بم ملا ہے، زخمی ایس ایچ او وسیم سجاد اور اہلکار حیات اللہ کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا، ڈی آئی جی سجاد خان اور ڈی پی او سلیم عباس کلاچی نے اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی، پولیس حکام نے زخمیوں کا حوصلہ بڑھایا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی