i پاکستان

چیلنجز سے نمٹنے کیلئے باخبر قیادت، قومی یکجہتی اور مربوط پالیسی ضروری ہے، صدر زرداریتازترین

November 29, 2025

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے باخبر قیادت، قومی یکجتہی اور مربوط پالیسی سازی ضروری ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا اور 27ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے شرکا کو مبارکباد پیش کی۔ورکشاپ میں اراکین پارلیمنٹ، سینئر سول و ملٹری افسران، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی، ورکشاپ کا مقصد قومی طاقت کے مختلف عناصر کے باہمی تعلق اور جامع قومی سلامتی کے فریم ورک کے حوالے سے شرکا کی فہم کو مزید گہرا کرنا تھا۔

صدر نے ورکشاپ کامیابی سے مکمل کرنے پر شرکا کو مبارکباد دی اور قومی سلامتی کے شعور کو مضبوط بنانے کے لئے شرکا کی کاوشوں کو سراہا۔صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے باخبر قیادت، قومی یکجہتی اور مربوط پالیسی سازی ضروری ہے۔ صدر مملکت نے اختتامی تقریب میں گریجویٹ شرکا میں اسناد بھی تقسیم کیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل سکیورٹی ورکشاپ ملک میں قومی سطح پر مکالمے کو فروغ دینے کا پلیٹ فارم ہے، ورکشاپ ادارہ جاتی صلاحیت بڑھانے اور قومی سلامتی کے لئے مشترکہ قومی حکمتِ عملی کو آگے بڑھانے کا پلیٹ فارم بھی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی