پاکستان میں چینی کمپنی سنگ یِنگ نے 37 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے تحت گدھوں کی افزائش نسل کے منصوبے پر کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ منصوبے کے تحت ملک بھر میں 40 خصوصی فارمز قائم کیے جائیں گے جبکہ پشاور کی زرعی یونیورسٹی میں جدید لیبارٹری بھی بنائی جائے گی تاکہ سائنسی بنیادوں پر افزائش کا عمل ممکن بنایا جا سکے۔ وزارتِ فوڈ سکیورٹی کے ذرائع کے مطابق منصوبے کا ہدف ہر سال 80 ہزار گدھے پیدا کرنا ہے، جن میں سے 10 ہزار گدھوں کا گوشت اور ہڈیاں ہر ماہ چین برآمد کی جائیں گی، تاہم مقامی سطح پر گدھے کے گوشت کی فروخت کی اجازت نہیں ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ پاکستان کو گدھوں کی عالمی سپلائی چین کا حصہ بنانے اور نئی تجارتی راہیں کھولنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی