i پاکستان

دیہاڑی دار مزدور کو 1 کروڑ 23 لاکھ کا گیس بل، محکمے نے کمپیوٹر غلطی قرار دے دیاتازترین

July 10, 2025

راولپنڈی کے علاقے دھمیال میں سوئی ناردرن گیس حکام کی انوکھی غلطی ، ایک دیہاڑی دار مزدور راجہ اللہ دتہ کو 1 کروڑ 23 لاکھ 59 ہزار 150 روپے کا بھاری بھرکم گیس بل بھیج دیا گیا۔ متاثرہ شہری کے مطابق وہ معمولی آمدن سے اپنا اور اپنے اہل خانہ کا گزارہ کرتا ہے اور عموما 10 سے 15 ہزار روپے کا بل آتا ہے، تاہم اس بار اچانک اتنا بڑا بل موصول ہوا کہ ہوش اڑ گئے۔رپورٹ کیمطابق راجہ اللہ دتہ کا کہنا تھا کہ وہ آئس کریم سپلائی کا چھوٹا سا کاروبار کرتا ہے اور اتنا بڑا بل ادا کرنا تو درکنار، اگر گھر کا سارا سامان بھی بیچ دے تب بھی ادائیگی ممکن نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 12 جون کو سوئی نادرن کا عملہ میٹر اتار کر لے گیا تھا اور اس کے بعد یہ غیر معمولی بل بھیجا گیا۔ متاثرہ شہری نے حکومت پنجاب سے اپیل کی ہے کہ اس زیادتی پر فوری داد رسی کی جائے۔واقعے پر عوامی غصے کے بعد محکمہ سوئی گیس حرکت میں آیا اور ترجمان نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ بل دراصل کمپیوٹر کی غلطی کا نتیجہ ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ متاثرہ صارف کا کیس محکمے کے نوٹس میں آ چکا ہے، اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق بل میں ظاہر کی گئی رقم کمپیوٹر ایرر کا نتیجہ ہے۔ معاملے کی باقاعدہ انکوائری جاری ہے۔بعدازاں ترجمان سوئی ناردرن گیس نے تصدیق کی کہ راجہ اللہ دتہ کا بل درست کر کے 40 ہزار 240 روپے کا نیا بل جاری کر دیا گیا ہے۔ جی ایم سوئی ناردرن راولپنڈی معصم ابرار کے مطابق مستقبل میں اس قسم کی غلطیوں سے بچنے کے لیے بلنگ نظام کی جانچ پڑتال مزید سخت کی جا رہی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی