i پاکستان

غیرملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری سے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، رضوان سعید شیخ کی دعوتتازترین

May 20, 2025

امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دعوت دی ہے کہ وہ پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے صنعتی انفراسٹرکچر، نوجوان افرادی قوت اور مسابقتی منڈی تک رسائی سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، امریکا پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے، 2024 میں دوطرفہ تجارت کا حجم 7.5 بلین امریکی ڈالر تھا،پاکستان کی امریکا کو برآمدات اس کی عالمی ترسیل کا تقریبا 20 فیصد ہیں،حکومت پاکستان تجارت کے حجم کو مزید وسعت دینے کے لئے پرعزم ہے ۔ امریکا میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ ریاست کیلیفورنیا کے دورے پر ہیں جہاں ان کی منتخب رہنمائوں، بزنس لیڈرز اور کمیونٹی شخصیات سے ملاقات ہوئی ہے۔ رضوان سعید شیخ کی زیر صدار ت لاس اینجلس میں رانڈ ٹیبل کانفرنس منعقد ہوئی جس میں سرمایہ کاری اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔لاس اینجلس میں پاکستان کے قونصل خانے کی جانب سے منعقدہ اس اعلی سطح بزنس رانڈ ٹیبل کانفرنس میں امریکی کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں اوربزنس ایگزیکٹیوز کو پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی بات کے لئے مدعو کیا گیا۔

اپنے خطاب میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے ایس آئی ایف سی فریم ورک کے تحت حکومت کی جانب سے وضع کی جانے والی ادارہ جاتی اصلاحات اور پالیسی مراعات کے نتیجے میں پاکستان کے سرمایہ کاری منظر نامے میں آنے والی مثبت تبدیلیوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے صنعتی انفراسٹرکچر، نوجوان افرادی قوت اور مسابقتی منڈی تک رسائی سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے پاکستانی معیشت کی بہتری اور عالمی سطح پر حکومت کی معاشی پالیسیوں کو سراہے جانے کے رجحان سے بھی شرکا کو آگاہ کیا۔اس موقع پر قونصل جنرل عاصم علی خان نے شرکا کو خوش آمدید کہا اور بالخصوص کیلیفورنیا اور مغربی امریکہ میں کاروباری روابط کو فروغ دینے میں قونصل خانے کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے پاکستان میں پائیدار انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی سلوشنز اور ایگری ٹیک کی بڑھتی ہوئی مانگ پر زور دیا جو امریکی جدت پر مبنی شراکت داریوں کے لیے وسیع تر مواقع فراہم کرتی ہے۔اجلاس کے شرکا کو ایس آئی ایف سی فریم ورک کے تحت دی جانے والی مراعات جن میں اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری پر 10 سالہ ٹیکس چھوٹ، سامان کی ڈیوٹی فری درآمد، آئی ٹی برآمدات پر 100 فیصد ٹیکس کریڈٹ، ڈیجیٹل خدمات پر ود ہولڈنگ ٹیکس میں کمی اور سرمایہ کاروں کے لیے تیزرفتار ویزا سہولت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

دریں اثنارضوان سعید شیخ نے کیلیفورنیا کے سینیٹر باب آرچولیٹا سے لاس اینجلس میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور امریکا کے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر امریکن پاکستانی مئیر آرٹیشیا علی سجاد بھی موجود تھے۔پاکستان امریکن چیمبرز آف کامرس کی جانب سے سفیر پاکستان کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا۔ جس میں پاکستانی-امریکی کاروباری برادری کے ممتاز اراکین اور ٹیکنالوجی، لاجسٹکس، ملبوسات، خوراک و مشروبات، تعمیرات، اور وینچر کیپیٹل سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کاروباری رہنماوں نے شرکت کی۔لاس اینجلس میں پاکستان کے قونصل جنرل عاصم علی خان اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر قرتہ العین بھی اس موقع پر موجود تھیں۔اس موقع پر خطاب میں سفیر پاکستان نے کہا کہ امریکا پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے۔ 2024 میں دوطرفہ تجارت کا حجم 7.5 بلین امریکی ڈالر تھا اور پاکستان کی امریکا کو برآمدات اس کی عالمی ترسیل کا تقریبا 20 فیصد ہیں۔ انہوں نے تجارت کے حجم کو مزید وسعت دینے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے سیڈرز سینائی انٹرنیشنل کے ساتھ ملاقات بھی کی۔ جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

رضوان سعید شیخ نے ڈیٹا راکس کے نمائندگان سے بھی ملاقات کی جس میں تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے مختلف پہلوں پر بات کی گئی۔رضوان سعید شیخ کی زیر صدارت پاک ایم ٹیک کونسل کا اجلاس بھی ہوا جس میں پاکستان ڈیجیٹل ایجنڈے کے فروغ میں پاکستانی کمیونٹی کے بھرپور کردار پر زور دیا گیا۔سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے آئی ٹی انڈسٹری کا جائزہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ مالی سال 202324 میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 3 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر گئیں جن میں 70 فیصد حصہ امریکا سے متعلق ہے۔پاکستانی کمیونٹی کی تنظیم کونسل آف پاکستان کی جانب سے سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وفاقی، ریاستی اور مقامی منتخب عہدیداران، سفارتی برادری کے ارکان اور پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے ممتاز رہنما شریک ہوئے۔سفیر پاکستان نے دونوں معیشتوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے ادارہ جاتی اور کاروباری روابط کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ جنوبی ایشیا میں حالیہ جنگ بندی کے حوالے سے سفیر پاکستان نے امریکا کے تعمیری کردار کو سراہا اور امن، وقار اور علاقائی بقائے باہمی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔تقریب سے امریکی عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔

کانگریس مین لو کوریا نے امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہا اور پاکستان-امریکا تعلقات کو فروغ دینے میں ان کے کردار کی تعریف کی۔ریاستی سینیٹر جوش نیومن نے مختلف شعبوں میں پاکستان-امریکا تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا اور امید ظاہر کی کہ آنے والے برسوں میں یہ تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔کیلیفورنیا اسمبلی کی رکن شیرن کوارک سلوا نے پاکستانی ورکرز کی محنت کو سراہتے ہوئے کیلیفورنیا کی معیشت میں پاکستانیوں کی خدمات کو تسلیم کیا۔سفیر پاکستان کے اسی دورے کے دوران لاس اینجلس میں فرینڈز آف پاکستان کے زیر اہتمام "یومِ تشکر" کی تقریب ہوئی جس میں کیلیفورنیا اور نیواڈا بھر سے بڑی تعداد میں پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے پاک امریکا تعلقات مضبوط بنانے میں کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔سفیر نے کہا کہ "یومِ تشکر" قومی فخر، وقار اور اتحاد کی علامت ہے۔ رضوان سعید شیخ نے جنگ بندی کے لیے امریکی حکومت کی تعمیری کوششوں کو سراہا اور جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازع کے پرامن حل کے لیے امریکا کے مثبت کردار کو تسلیم کیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی