i پاکستان

غیرت کے نام پر قتل کیے جانیوالے میاں بیوی اور بچے کی میتوں کو بلوچستان میں تدفین کی اجازت نہ ملیتازترین

August 01, 2025

گزشتہ دنوں گھگر پھاٹک پر غیرت کے نام پر قتل کیے جانے والے میاں بیوی اور بچے کی تدفین کی اجازت بلوچستان میں نہ ملنے پر ان کی تدفین کراچی میں کردی گئی۔پولیس کے مطابق تینوں کی لاشوں کو بلوچستان کے ضلع لسبیلہ منتقل کیا گیا تھا تاہم رشتے داروں کی جانب سے وہاں تدفین کی اجازت نہ ملنے پر تینوں کی میتوں کو واپس کراچی لایا گیا۔ ایس ایچ او تھانہ اسٹیل ٹاون نے بتایا کہ مقتولین کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد مقامی قبرستان میں ان کی تدفین کردی گئی ہے، لاشوں کے ساتھ مقتول عبدالمجید کا بھائی اور کچھ خواتین بھی آئی تھیں جب کہ نماز جنازہ میں علاقہ مکین بھی شریک ہوئے۔ گزشتہ دنوں غیرت کے نام پر کلہاڑیوں کے وار سے عبدالمجید، اس کی اہلیہ سکینہ اور 5 سالہ بیٹے عبد النبی کو قتل کر دیا گیا تھا۔ مقتول عبد المجید کے بھائی نوروز نے بتایا کہ مقتول بھائی اور اس کی بیوی نے پسند کی شادی کی تھی، شادی کے بعد دونوں خاندانوں میں اختلاف ہوگیا تھا لیکن 2 سال بعد صلح بھی ہوگئی تھی تاہم اس کے باوجود انہیں قتل کردیا گیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی