i پاکستان

غلام سرورکے جرائم میں بانی پی ٹی آئی برابر کے شریک تھے،کوشش جاری ہے،خواجہ آصفتازترین

July 16, 2025

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی دور میں وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کے غیر ذمہ دارانہ بیان سے قومی ایئرلائن (پی آئی اے )کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا، غلام سرورکے جرائم میں بانی پی ٹی آئی برابر کے شریک تھے،کوشش جاری ہے، یورپی یونین کی جانب سے عائد پابندی کا خاتمہ شہباز شریف کی حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے، نیو یارک کی فلائٹ بھی شروع ہو، اگلا مرحلہ پی آئی اے کی نجکاری ہے، جو بھی نجی گروپ اس ادارے کو سنبھالے گا، اسے ایک مکمل اور فعال ایئرلائن ملے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔خواجہ آصف نے کہا کہ سابق وزیر ہوا بازی کے اقدامات سے پاکستانی ایئر لائنز پر پابندیاں لگی تھیں، غلام سرور خان نے اپنے ادارے کے خلاف جو جرم کیا وہ قومی جرم تھا، بانی پی ٹی آئی اور غلام سرور نے قومی ایئر لائن کو قبرستان بنایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن(پی آئی اے) پر یورپی یونین کی جانب سے عائد کردہ تاریخی پابندی کا خاتمہ شہباز شریف کی حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے، اور اس سنگِ میل کو عبور کرنا قومی وقار کی بحالی کی علامت ہے۔خواجہ آصف نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی حکومت کے دوران اس پابندی کی بنیاد غلام سرور خان کے غیر ذمہ دارانہ بیان پر رکھی گئی، جس میں انہوں نے اپنے ہی ادارے پر تنقید کر کے بین الاقوامی اداروں کو پاکستان کی ایئرلائن پر پابندی لگانے کی دعوت دی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اس بیان کی آج تک کوئی وضاحت نہیں دی گئی، اور اس سنگین غفلت کی ذمہ داری صرف غلام سرور پر ہی نہیں بلکہ عمران خان پر بھی عائد ہوتی ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ اس فیصلے سے پاکستان کو نہ صرف اربوں روپے کا مالی نقصان ہوا بلکہ قومی وقار بھی مجروح ہوا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جب کوئی بیرون ملک وفات پا جاتا تو پی آئی اے ان کی میت بغیر کسی معاوضے کے پاکستان لاتی تھی، مگر پابندی کے بعد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ہزاروں ڈالر ادا کرنے پڑے، اور یہ ان کے لیے شدید صدمہ تھا۔خواجہ آصف نے کہا کہ اب بعض اوورسیز پاکستانیوں نے بیرون ملک ہی قبرستانوں میں جگہ خرید لی ہے، کیونکہ انہیں یقین نہیں رہا کہ موت کی صورت میں پی آئی اے ان کی میت واپس لائے گی۔انہوں نے کہا کہ غلام سرور اور عمران خان کے اقدامات نے ایک قومی ادارے کو عالمی سطح پر نقصان پہنچایا، مگر موجودہ حکومت نے اس معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کیا۔ خواجہ آصف نے اعلان کیا کہ اب پاکستان کو دوبارہ آپریٹنگ لائسنس دیا جائے گا، اور انہیں علم ہے کہ ایئر بلیو کو بھی یورپ میں پرواز کی اجازت دے دی گئی ہے۔

وزیر دفاع نے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) پر یورپی یونین کے اعتماد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی ریگولیٹری اتھارٹی کی بحالی اعتماد کا ثبوت ہے۔ انہوں نے وزیر ہوابازی سعد رفیق کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے پچھلے دو تین سالوں میں پی آئی اے کی بہتری کے لیے بھرپور کام کیا، اور آج ہم سرخرو ہو گئے ہیں۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ حکومتِ پاکستان قومی ایئرلائن پی آئی اے کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کے حتمی مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، تاکہ ادارے کی قدر میں اضافہ ہو اور بین الاقوامی سطح پر اسے مزید فعال اور قابلِ اعتماد بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ پی آئی اے کی نیویارک کی معطل پرواز کو بھی جلد بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام تیاریوں کے بعد پی آئی اے کو پرائیویٹائز کرنے جا رہے ہیں، تاکہ یہ ادارہ ایک بہتر قیمت پر نجی شعبے کے حوالے کیا جا سکے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ بین الاقوامی ریگولیٹرز نے اس عمل میں حکومت کو رہنمائی فراہم کی تاکہ اجازت کے مراحل آسان ہو جائیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے ذاتی طور پر پی آئی اے کے معاملات کی نگرانی کی اور ہر لمحہ رپورٹ لیتے رہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ نجکاری کے بعد پی آئی اے کو جدید جہاز، نئے فضائی راستے اور عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے یقین دلایا کہ جو بھی نجی گروپ اس ادارے کو سنبھالے گا، اسے ایک مکمل اور فعال ایئرلائن ملے گی۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے وطن آنے جانے میں سہولت میسر آئے گی، وقت اور اخراجات دونوں کی بچت ہو گی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے یہ ایک خوشخبری ہے کہ وہ کم خرچ اور زیادہ آسانی سے پاکستان کا سفر کر سکیں گے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ پی آئی اے کی بحالی اور ترقی میں کئی افراد اور اداروں کی محنت شامل ہے، اور آج کا دن پوری قوم کے لیے ایک یادگار دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، کیونکہ ہم ایک قومی ادارے کو دوبارہ بلندی کی طرف لے جا رہے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی