i پاکستان

غزہ فلسطینیوں کا ہے اور ان ہی کا رہے گا، پاکستان غزہ پر قبضے کے اسرائیلی منصوبے کی شدید مخالفت کرتا ہے،عاصم افتخارتازترین

August 11, 2025

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ غزہ فلسطینیوں کا ہے اور ان ہی کا رہے گا، پاکستان غزہ پر قبضے کے اسرائیلی منصوبے کی شدید مخالفت کرتا ہے، اسرائیل منصوبہ بندی کے تحت عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے اسرائیل کو غزہ پر قبضے سے روکنے کیلئے اب تک کچھ نہیں کیا گیا، پورے غزہ پر مکمل قبضے کا منصوبہ انتہائی خطرناک ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اسرائیل کے غزہ پر مکمل قبضے کے منصوبہ پر ہونے والے سلامتی کونسل کے غیرمعمولی ہنگامی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عاصم افتخار نے کہا کہ اسرائیل کا غزہ پر مکمل قبضے کا منصوبہ خطرناک اشتعال انگیزی ہے وزیراعظم شہبازشریف نے اسرائیلی منصوبے کی مذمت کی ہے ۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ عرب اسلامک سمٹ نے بھی اسرائیلی منصوبے کو مسترد کر دیا ہے اسرائیلی منصوبہ امن کیلئے عالمی کوششوں کو نقصان دہ ہے لاکھوں فلسطینیوں کو گھر چھوڑنے پر مجبور کیا جا رہا ہے غزہ میں بمباری اور ہزاروں اموات کا سلسلہ جاری ہے اسرائیل فلسطینیوں کواپنی زمین سے نکال کر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی سیاسی و عسکری مدد کرنے والوں کوذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اسرائیل کو سیاسی و عسکری مدد دینے والوں کو دوبارہ سوچنے کی ضرورت ہے اسرائیل کی مدد کرنیوالوں کو تاریخ سخت الفاظ میں یاد کرے گی ۔

اسرائیل کی مدد کرنیوالے اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کریں۔مندوب نے دوٹوک کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے ایکشن کی ضرورت ہے سیکیورٹی کونسل فوری طور پر اسرائیل کو غزہ پر مکمل قبضے کے منصوبے سے روکے، اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرے اور غزہ میں امداد کی فراہی کیلئے اقدام کرے۔عاصم افتخار نے کہا کہ اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کو اسرائیل کے خلاف فوری ایکشن کرنا چاہیے سیکیورٹی کونسل غزہ میں انٹرنیشنل پروٹیکشن فورس تعینات کرے جو آبادی کی حفاظت کرے۔ غزہ فلسطینیوں کا ہے اور ان ہی کا رہے گا، پاکستان غزہ پر قبضے کے اسرائیلی منصوبے کی شدید مخالفت کرتا ہے۔اجلاس میں اقوام متحدہ عہدیداروں، برطانوی، فرانسسیسی اور دیگر ممالک نے غزہ پر اسرائیلی قبضے کو مزید خون ریزی، تباہی اور انسانی المیے کا موجب قرار دیا۔اس کے علاوہ اسرائیل سے فوجی کارروائیاں روک کر غزہ امداد پر سے پابندیاں فوری اور مستقل ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ ادھر اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نے سلامتی کونسل کے اجلاس کو غزہ میں امن کی امریکی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کا اقدام قرار دیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی