سکردو سے گلگت جانے والی سیاحوں کی گاڑی گزشتہ روز سے لاپتہ ہے، گاڑی میں 4 افراد سوار ہیں جبکہ پولیس نے تلاش شروع کردی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سکردو سے گلگت جانے وال سیاحوں گاڑی لاپتہ ہو گئی، گاڑی میں سوار چار افراد سے گزشتہ صبح سے رابطہ منقطع ہے۔ لاپتہ افراد میں عثمان، نوراحمد، عثمان اور معراج بی بی شامل ہیں جبکہ لاپتہ گاڑی میں سوار تمام افراد کا تعلق پشاور سے ہے۔ ذرائع کے مطابق گاڑی سے آخری رابطہ اتوار کے روز دن 11 بجے ہوا تھا، جس کے بعد ان کا فون بند ہو گیا اور اہل خانہ اور متعلقہ حکام سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ پولیس نے سیاحوں کی گمشدگی کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر گاڑی کی تلاش شروع کر دی، علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ متعلقہ ادارے بھی سیاحوں کی بازیابی کے لیے متحرک ہیں۔ حکام نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو گاڑی یا لاپتہ افراد کے حوالے سے کوئی اطلاع ہو تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن سے رابطہ کریں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی