گوجرخان کی یونین کونسل دیوی کے تاریخی گائو ں داتا بھٹ اور گردونواح کے دیہات کو جوڑنے والی انتہائی اہم نئی کارپٹڈ سڑک پر تعمیراتی کام شروع ہے جس علاقہ مکینوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔یہ سڑک داتا بھٹ کو بھا ل، چک بیلی خان-روات ہائی وے سے براہ راست منسلک کرتی ہے۔اس منصوبے کا مقامی آبادی کو طویل عرصے سے انتظار تھا،اسے دیہی علاقے کیلئے ایک بڑے ترقیاتی منصوبے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ مقامی عمائدین نے سابق ایم این اے راجہ جاوید اخلاص، ایم پی اے شوکت عزیز بھٹی اور علاقہ کے معززین راجہ عارف اور چوہدری شبیر کو خراج تحسین پیش کیا ہے جنہوں نے اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اہم کردار اداکیاہے ۔اس موقع پر راجہ عارف نے مقامی لوگوں سے بات کریت ہوئے منصوبے سے متعلق اہم تفصیلات فراہم کیں۔ 22سے 24فٹ چوڑ ی سڑک تقریبا 7 کلومیٹر تک پھیلی ہوئی ہے اور اس کی تخمینہ لاگت 355 ملین روپے ہے۔انہوں نے تصدیق کی کہ تعمیراتی کام پوری رفتار سے جاری ہے اور توقع ہے کہ مقررہ مدت میں مکمل ہو جائے گا۔راجہ عارف نے بتایا کہ "یہ سڑک ہمارے دیہات میں روزمرہ کی زندگی کو بدل دے گی۔
یہ نقل و حمل کو نمایاں طور پر بہتر بنا نے گی اور مقامی اقتصادی سرگرمیوں کو متحرک اور ان علاقوں کے رہائشیوں کو انتہائی ضروری ریلیف فراہم ہوگا ، جو سالوں سے مشکل راستوں پر انحصار کر تے آرہے ہیں ۔نئے لنک سے داتا بھٹ سے راولپنڈی تک کا سفری فاصلہ تقریبا 40 کلومیٹر کم ہونے کا امکان ہے اور یہ مسافروں، کسانوں اور تاجروں کے لیے موثر راستہ ہوگا۔اس منصوبے سے مستفید ہونے والے دیہات میں داتا بھٹ، پاری لکی، موہڑہ پاری، ڈھوک بدھال، ڈھوک اعوان، ڈھوک غازی، چھپر ، جاتلی اور دیگر شامل ہیں۔ مقامی عمائدین نے اس منصوبے کو خوش آئندقراردیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بروقت تکمیل کیلئے پر امید ہیں اور اسے اتحاد اور مضبوط مقامی قیادت کی ایک روشن مثال قراردیا ہے۔ایک رہائشی کا کہناتھاکہ اگر ہمارے نمائندے داتا بھٹ سے چک بیلی خان تک ایک اور رابطہ سڑک تیار کرنے پر بھی توجہ دیں، تو ہمارا گائو ں متعدد شہروں کو جوڑنے اور پورے علاقے میں رابطے کو بڑھانے کیلئے ایک اہم جنکشن کے طور پر ابھر سکتا ہے۔ سڑک کا یہ منصوبہ جس پر کام جاری ہے، پہلے ہی یونین کونسل دیوی اور تحصیل گوجر خان کے لوگوں کیلئے ترقی اور امید کی علامت بن چکا ہے اور یہ مستقبل میں ہزاروں رہائشیوں کیلئے بہتر رسائی، معاشی ترقی اور زندگی کے بہتر معیار کا باعث بنے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی