i پاکستان

حکومت غیر ملکی کوہ پیمائوں کو مکمل سہولیات فراہم کر رہی ہے،وزیراعظم کی قطری شہزادی شیخہ اسما کو دوبارہ پاکستان آنے کی دعوتتازترین

July 10, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے قطری شہزادی شیخہ اسما کو دوبارہ پاکستان آنے کی دعوت دے دی اور کہا ہے حکومت غیر ملکی کوہ پیمائوں کو مکمل سہولیات فراہم کر رہی ہے۔تفصیل کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے قطری کوہ پیما شیخہ اسما الثانی کی ملاقات ہوئی ، جس میں وزیراعظم نے نانگا پربت سر کرنے پر شیخہ اسما کو مبارکباددی۔وزیراعظم نے شیخہ اسما کی ہمت، عزم اور حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کو پاکستان کی مانٹینز اینڈ ٹورازم کی برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کر دیا گیا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قطری کوہ پیما نے پاکستان کے پہاڑوں کی خوبصورتی کو اجاگر کیا، پاکستان دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیوں میں سے 5 کا میزبان ہے، شیخہ اسما کی کامیابی قطر اور پاکستان کی دوستی کی عکاس ہے۔ملاقات میں وزیراعظم نے ایڈونچر ٹورازم اور نوجوانوں کی شمولیت میں تعاون بڑھانے پر زور دیا، جس پر قطری شہزادی نے کہا کہ کیٹو میری سر کی گئی چوٹیوں میں سب سے خوبصورت ہے۔وزیراعظم نے شیخہ اسما کو دوبارہ پاکستان آنے کی دعوت دے دی اور کہا حکومت غیر ملکی کوہ پیمائو ں کو مکمل سہولیات فراہم کر رہی ہے۔یاد رہے قطر کی شہزادی شیخہ اسما آل ثانی نے 8،126 میٹر بلند نانگا پربت کو سر کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور چوٹی پر اپنے ملک کا پرچم بھی لہرایا تھا۔بعد ازاں وزیراعظم نے قطری شہزادی کوہ پیما شیخہ اسما الثانی کو پاکستانی کوہساروں اور سیاحت کا برانڈ سفیر مقرر کر دیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی