i پاکستان

حکومت نے میانوالی میں آخری افغان مہاجر کیمپ بند کردیا، پنجاب میں کوئی مہاجر کیمپ فعال نہیں رہاتازترین

September 26, 2025

حکومت پاکستان نے افغان مہاجرین کی واپسی کے سلسلے میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے میانوالی میں قائم آخری افغان مہاجر کیمپ کو بند کردیا، اس اقدام کے بعد صوبہ پنجاب میں کوئی مہاجر کیمپ فعال نہیں رہا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے میانوالی میں آخری افغان مہاجر کیمپ کو ڈی نوٹیفائی کردیا ہے، جب کہ پنجاب کا دعوی ہے کہ یکم اپریل 2025 سے اب تک تقریبا 42 ہزار 913 افغان باشندوں کو واپس بھیجا جا چکا ہے۔پنجاب حکومت نے پاکستان کے غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے منصوبے (آئی ایف آر پی) کے تحت ہولڈنگ سینٹرز قائم کیے تھے اور ان افغان باشندوں کی نشاندہی شروع کی تھی جن کے پاس درست دستاویزات نہیں تھیں یا وہ ایک سال سے زیادہ پاکستان میں مقیم رہے تھے۔بغیر کاغذات کے افغانوں کو ان ہولڈنگ سینٹرز میں رکھا گیا، جہاں سے انہیں افغانستان جانے کے لیے طورخم بارڈر منتقل کیا جاتا تھا۔پنجاب کے ہوم سیکریٹری ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ میانوالی کے کوٹ چندنا کیمپ کی بندش کے بعد صوبے میں کوئی افغان مہاجر کیمپ فعال نہیں رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے پکڑے جانے والے افغان باشندوں کو ضلع کی سطح پر قائم ہولڈنگ سینٹرز میں لے جایا جاتا تھا، جہاں پنجاب حکومت ڈپٹی کمشنرز کے ذریعے رہائش اور کھانے پینے کی سہولت فراہم کرتی تھ، وہاں سے انہیں طورخم بارڈر تک حکومت کے خرچ پر پہنچایا جاتا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے تمام افغان باشندوں کو جانا ہوگا، سوائے ان کے جن کے پاس درست ویزے موجود ہیں۔اقوام متحدہ کے مہاجرین کے ادارے کے مطابق پاکستان میں 35 لاکھ سے زائد افغان شہری رہائش پذیر تھے، جن میں تقریبا 7 لاکھ وہ تھے جو 2021 میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد آئے، ان میں سے تقریبا نصف کے پاس قانونی دستاویزات موجود نہیں تھیں۔ رپورٹ کے مطابق میانوالی کیمپ کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے نوٹیفکیشن میں وزارتِ امور کشمیر، گلگت بلتستان اور ریاستی و سرحدی علاقوں نے کہا کہ تمام زمین اور غیر منقولہ اثاثے متعلقہ صوبائی سی اے آر کے ذریعے تحریری طور پر پنجاب حکومت یا ضلعی ڈپٹی کمشنر کے حوالے کر دیے جائیں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی