i پاکستان

ڈی آئی خان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہیدتازترین

July 16, 2025

ڈیرہ اسماعیل خان میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی میں سخی گیٹ کے قریب افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 2 پولیس اہلکاروں کو شہید کر دیا دونوں پولیس اہلکاروں کو قریبی دکان پر جاتے ہوئے نشانہ بنایا گیا ۔شہید ہونے والوں میں ہیڈ کانسٹیبل غلام محمد اور اہلکار شہزاد شامل ہیں، غلام محمد کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان کے گائوں پنیالہ جبکہ اہلکار شہزادہ کا تعلق لکی مروت کے گائوں ابا خیل سے تھا۔پولیس کے مطابق نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ملزمان فرار ہوگئے

جن کی گرفتاری کیلئے علاقے میں کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں یادگاری چوکی کے قریب فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی فائرنگ کی مذمت کی اور جام شہادت نوش کرنے والے 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں، پولیس اہلکاروں کی قربانی رائیگاں نہیں جائیں گی، خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی