i پاکستان

یوکرین تنازعہ میں پاکستانی شہریوں کے ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد ، معاملہ یوکرائنی حکام کے ساتھ اٹھا یاجائیگا،پاکستانتازترین

August 05, 2025

پاکستان نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کا یوکرین روس جنگ میں پاکستانیوں کی شرکت کا الزام مسترد کرتے ہوئے یوکرین سے وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا۔دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرینی حکام نے اپنے دعوے کے حوالے سے کوئی قابل تصدیق ثبوت فراہم نہیں کیے اور نہ ہی باضابطہ طور پر آگاہ کیا گیا ہے، یوکرین کے حکام سے اس معاملے پر وضاحت طلب کی جائے گی۔وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ یوکرین کے تنازع میں پاکستانی شہریوں کے ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں، حکومت پاکستان یہ معاملہ یوکرائنی حکام کے ساتھ اٹھائے گی۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے مطابق مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے یوکرین تنازع کے پرامن حل کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔واضح رہے کہ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے الزام لگایا ہے کہ شمال مشرقی یوکرین میں روس کی طرف سے چین، تاجکستان، ازبکستان، پاکستان اور افریقی ممالک کے کرائے کے سپاہی حصہ لے رہے ہیں، ہم اس کا جواب دیں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی