i پاکستان

جس دن اپوزیشن کے پاس ایک ممبر بھی زیادہ ہوا ہم تحریک عدم اعتماد لاسکتے ہیں،فیصل کریم کنڈی کا اعلانتازترین

July 16, 2025

گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں گورنر راج لگانے کے امکان کو مستردکرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا ایسا کوئی ارادہ نہیں کیونکہ انہیں سیاسی شہید نہیں بنائیں گے تاہم جس دن اپوزیشن کے پاس ایک ممبر بھی زیادہ ہوا ہم تحریک عدم اعتماد لاسکتے ہیں۔ایک انٹرویو میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد لانا جمہوری و آئینی حق ہے، جس دن اپوزیشن جماعتوں کے پاس ایک ممبر بھی زیادہ ہوگا ہم تحریک عدم اعتماد لاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں کسی کے پاس اختیار نہیں، یہ کسی سیاسی جماعت کے ساتھ نہیں چل سکتے تاہم گورنر راج لگانے کا ہماراکوئی ارادہ نہیں کیونکہ انہیں سیاسی شہید نہیں بنائیں گے۔

گورنر کے پی کا کہنا تھا کہ ہارس ٹریڈنگ روکنا حکومت کی ذمہ داری ہے، خیبرپختونخوا کے سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن کے 5 اور حکومت کے 6 سینیٹرز بنتے ہیں، چاہتے ہیں یہ بلامقابلہ منتخب ہوں۔فیصل کریم نے مزید کہا کہ ضم اضلاع سے متعلق کمیٹی پرپی ٹی آئی کے تحفظات ضد والی بات ہے تاہم مولانا فضل الرحمان کے کمیٹی پرکچھ تحفظات سے متفق ہوں۔گورنر کے پی نے کہا کہ ضم اضلاع سے متعلق فیصلے میں تمام جماعتوں کو آن بورڈ ہونا چاہیے، ایسی جماعتوں کو نظرانداز کیا گیاجن کاصوبے میں اسٹیک ہے، اے این پی، جے یو آئی اور جماعت اسلامی کمیٹی میں موجود نہیں انکو آن بورڈ لینا ہے ، ضم اضلاع میں جرگے کے لیے کمیٹی بنا رہے ہیں جس میں سب کی نمائندگی ہونی چاہیے تاکہ ایک فیصلہ ہو۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی