i پاکستان

جشن عید میلادالنبیۖ (آج) مذہبی عقیدت و احترام سے منایاجائیگا، ملک بھر میں عام تعطیلتازترین

September 05, 2025

ملک بھر میں نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفی ۖ کے یومِ ولادت کا جشن (آج ہفتہ کو) مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائیگا جبکہ 6ستمبر یو م دفا ع پاکستان بھی(آج) منایا جائیگا، ملک بھر میں عام تعطیل ہے ۔دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور تمام صوبائی دارالحکومت میں 21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوگا، مساجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مسلم امہ کے اتحاد اور ملک کی ترقی و خوش حالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیںگی۔جشن عیدمیلادالنبیۖ کی مناسبت سے سیرت النبی ۖکے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافل نعت کا اہتمام کیا جائیگا، ملک بھر میں جلوس نکالے جائیں گے ، لنگر تقسیم اور کیک کاٹے جائیں گے ، ملک بھر میں گلی محلوں اور بازاروں کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے ۔ ملک بھر کے مختلف مقامات پر جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی جس کے شرکا سارے راستے درود پاک کا ورد کریں گے ، جشن عید میلاد النبیۖ کی مناسبت سے ملک بھر میں نیاز تقسیم کرنے کا بھی اہتمام کیا جائیگا۔ ملک کے بڑے چھوٹے شہروں میں جشن عید میلاد النبیۖ کی مناسبت سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات مکمل کئے گئے ہیں ۔ دوسری جانب (آج) 6 ستمبر کو یوم دفاع پاکستان بھی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائیگا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی