کے-الیکٹرک نے پاکستان کا پہلا ریٹیل لسٹڈ قلیل مدتی اسلامی ریٹیل سکوک متعارف کروا دیا ۔قبل از آئی پی او کا مرحلہ، جس کی مالیت ایک ارب روپے ہے، کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے۔ یہ مرحلہ خاص طور پر صنعتی و بڑے کمرشل صارفین اور ہائی نیٹ ورتھ افراد کے لیے مرتب کیا گیا تھا۔اب یہ آئی پی او مرحلہ وار عوام کے لیے کھولا جا رہا ہے، جس میں پاکستان بھر سے عوام سرمایہ کاری کر سکیں گے، بشمول کے-الیکٹرک کے رہائشی اور کمرشل صارفین۔ فی الوقت آئی پی او بلیک آئوٹ مرحلے میں ہے، جس کے دوران صرف انفرادی سرمایہ کار حصہ لے سکتے ہیں۔ 18 اگست 2025 کے بعد، آئی پی او تمام سرمایہ کاروں کے لیے دستیاب ہوگا جن میں ایسیٹ مینجمنٹ کمپنیاں بھی شامل ہوں گی۔یہ جدید مالیاتی پراڈکٹ پاکستان کے کارپوریٹ سکوک منظرنامے میں ایک سنگِ میل ہے اور سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ویژن کے عین مطابق ہے، جو سیکنڈری کیپیٹل مارکیٹ کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔کے-الیکٹرک کے چیف فنانشل آفیسر، محمد عامر غازیانی نے کے-الیکٹرک کی کیپیٹل مارکیٹس میں شمولیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ "کے-الیکٹرک کارپوریٹ اجرا کنندہ کے طور پر سکوک اجرا میں ہمیشہ سے پیش پیش رہا ہے۔ 2014 میں کمپنی نے کامیابی سے 6 ارب روپے کے KE AZM سرٹیفکیٹس جاری کیے، جو ریٹیڈ، لسٹڈ اور محفوظ شرکت الملک سکوک تھے۔
2020 میں، کمپنی نے 25 ارب روپے کا سب سے بڑا طویل مدتی لسٹڈ سکوک جاری کیا۔ جنوری 2022 سے اب تک، کے-الیکٹرک نے 33 شارٹ ٹرم پرائیویٹلی پلیسڈ شرکت العقد سکوک جاری کیے ہیں تاکہ ورکنگ کیپیٹل کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔ اب یہ نیا ریٹیل سکوک ہماری مالیاتی جدت اور کیپیٹل مارکیٹ میں شمولیت کا ایک اور ثبوت ہے- کے-الیکٹرک کے ریٹیل سکوک کی ساخت اور شریعہ مطابقت کی منظوری تین علیحدہ شریعہ بورڈز سے حاصل کی گئی ہے، جن میں HBL شریعہ بورڈ، اساس شریعہ ایڈوائزری سروسز اور مفتی علی اصغر شامل ہیں۔ ان شریعہ مشیروں نے اس امر کو یقینی بنایا ہے کہ یہ سکوک اسلامی اصولوں کے مطابق ہے، جو KE کی اخلاقی اور سود سے پاک مالیاتی حل پیش کرے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔عامر غازیانی نے اس اقدام کے مقصد کی وضاحت کرتے ہوئے مزید کہا کہ کے-الیکٹرک کا ریٹیل سکوک ان افراد کے لیے ایک پرکشش سرمایہ کاری کا موقع فراہم کرتا ہے جو ڈیٹ کیپیٹل مارکیٹس میں زیادہ منافع اور ٹیکس فوائد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اس سکوک میں ایک منفرد خصوصیت بھی شامل ہے جس کے تحت رہائشی اور کمرشل صارفین اپنے ماہانہ سکوک منافع کو بجلی کے بل میں ایڈجسٹ کرا سکتے ہیں۔ شرکت العقد اسلامی اسٹرکچر کے ذریعے اس سکوک کے سرمایہ کار کے-الیکٹرک کے بجلی کی فراہمی سے متعلق بنیادی کاروباری عمل میں براہ راست شریک ہو سکتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی