رحیم یار خان کے علاقے صادق آباد میں کچے کے ڈاکوئوں نے گڈز کمپنی کے دفتر سے 2 افراد کو اغوا کر لیا۔تفصیل کے مطابق پنجاب کی تحصیل صادق آباد میں 9 سے زائد ڈاکو اغوا کی ایک واردات میں گڈز ٹرانسپورٹ کمپنی کے دفتر سے دو ملازمین کو اٹھا کر لے گئے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔فوٹیج میں ڈاکوئوں کو دفتر سے اسلحے کے زور پر ملازمین کو لے جاتے دیکھا جا سکتا ہے، واقعے کے دوران ایک ملازم نے آفس سے بھاگ کر اس وقت جان بچائی جب اس نے دیکھا کہ ڈاکوں کی اس کی جانب توجہ نہیں ہے۔ڈاکوئوں کے ہاتھوں اغوا کئے گئے ملازمین میں عمران اور امجد شامل ہیں، ڈی پی او عرفان علی سموں نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے، اور مغویوں کی جلد بازیابی کی ہدایت کر دی ہے، ان کا کہنا تھا کہ کچے کی جانب جانے والے علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی بھونگ کی سربراہی میں ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، اور پولیس اہلکار ڈاکوں کا تعاقب کر رہے ہیں، جلد مغویوں کو بازیاب کرا لیا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی