i پاکستان

خیبرپختونخوا حکومت کا امن وامان کی صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہتازترین

July 09, 2025

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت شمالی و جنوبی وزیرستان سمیت ضم اضلاع میں امن وامان کی صورتحال پر ایک اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں متعلقہ اراکین صوبائی کابینہ اور اعلی سرکاری حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں شمالی و جنوبی وزیرستان سمیت دیگر ضم شدہ اضلاع میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے تمام مکاتبِ فکر اور عوام کا مشترکہ و متفقہ لائحہ عمل بنانے اور حکومتی نمائندہ وفد کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا، وفد تمام علاقوں کا دورہ کر کے عوامی مشاورت کے سلسلے کو مزید تیز کرے گا۔دوران اجلاس وزیر اعلی خیبرپختونخوا نے مشترکہ لائحہ عمل بنانے کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا بھی فیصلہ کیا، اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈروں کو دعوت نامے ارسال کئے جائیں گے۔وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے ضم اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے تاکہ دہشت گردی کے خلاف ایک مشترکہ اور متفقہ لائحہ عمل تشکیل دیا جا سکے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایک حکومتی نمائندہ وفد تشکیل دیا جائے گا جو ضم اضلاع کے عوامی نمائندوں اور مختلف طبقات سے مشاورت کرے گا۔ اس موقع پر وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ سیاست سے بالاتر ہو کر تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم سے امن وامان کے قیام کے لئے مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں،امن و امان کے قیام کے لیے مشترکہ حکمت عملی ناگزیر ہو چکی ہے ۔ عوامی نمائندے ایک زبان ہو کر دہشت گردی کے خاتمے کی حکمت عملی کا اطلاق یقینی بنائیں، معنی خیز اقدامات، باہمی مشاورت اور متفقہ فیصلوں کے ذریعے ہی دائمی امن قائم ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے ایم این ایز اور ایم پی ایزکا ہنگامی اجلاس بھی طلب کر لیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ صرف اجتماعی بصیرت اور متفقہ فیصلوں کے ذریعے ہی ضم اضلاع میں دائمی امن قائم کیا جا سکتا ہے۔اجلاس میں ضم اضلاع میں حالیہ دہشت گرد کارروائیوں اور ان کے اثرات پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی