i پاکستان

خیبرپختونخوا، کشمیر اور پنجاب میں آ ئندہ24گھنٹو ںمیں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکانتازترین

May 02, 2025

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا، کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں آ ئندہ 24گھنٹوں میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی، وسطی پنجاب اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ چند مقامات پر ژالہ باری اور موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ دوسری جانب وفاقی دارلحکومت اسلام آباد ار پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کی وجہ سے فیڈرٹرپ کرنے سے کئی شہروں میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔ لاہور میں سو کلومیٹرفی گھنٹہ آندھی کے بعد بارش سے 565 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔فیصل آباد میں بارش کے باعث 150فیڈر ٹرپ کرگئے جبکہ اسلام آباد میں بارش کے بعد 80 فیصد سے زائد فیڈرز پر بجلی بحال ہے۔ گوجرانوالہ،گجرات، منڈی بہائوالدین،کامونکی،حافظ آباد، سیالکوٹ اور وزیر آباد کے علاقے بھی بارش سے متاثر ہیں۔چکوال، جہلم اور بہاول نگر میں بھی بارش ہوئی۔ اس کے علاوہ میانوالی میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی جبکہ سرگودھا میں گھر کی دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 4 بچے زخمی ہوئے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی