i پاکستان

کوٹلی آزاد کشمیر میں زہریلے سانپ نے ننھے بہن بھائی کو ڈس لیاتازترین

July 31, 2025

کوٹلی آزاد کشمیر میں زہریلے سانپوں کے حملے سے چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 معصوم بہن بھائی سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، سانپوں سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔تفصیلات کے مطابق کوٹلی کے نواحی علاقوں میں زہریلے سانپوں کے ڈسنے کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے، تازہ ترین واقعے میں کلر منیل کے علاقے میں ایک نوجوان نیورو ٹاکسک سانپ کے ڈسنے سے جاں بحق ہو گیا۔اس سے قبل چوکی مونگ کے، دو معصوم بہن بھائی بھی سانپ کاٹنے سے جان کی بازی ہار چکے ہیں، متاثرہ نوجوان کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کوٹلی منتقل کیا گیا، مگر ورثا کے مطابق اسپتال میں اینٹی وینم ویکسین نہ لگائی گئی جس پر لواحقین نے لاش کے ہمراہ اسپتال کے باہر احتجاج کیا اور حکومت و محکمہ صحت کے خلاف نعرے بازی کی۔ڈاکٹرز کے مطابق نیورو ٹاکسک سانپ کے ڈسنے کے بعد 10 سے 30 منٹ کے اندر موت واقع ہو سکتی ہے، دوسری جانب محکمہ وائلڈ لائف تاحال سانپ کی نوعیت یا شناخت سے متعلق کوئی بریفنگ جاری نہیں کر سکا۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری حفاظتی اقدامات کیے جائیں اور وائلڈ لائف کو متحرک نگرانی کی ہدایات دی جائیں، تاکہ مستقبل میں ایسے جان لیوا واقعات سے بچا جا سکے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی