کراچی کے علاقے لانڈھی میں 6 روز سے لاپتہ بچے کی لاش کچرا کنڈی سے بر آمد ہو گئی ۔ذرائع کے مطابق لانڈھی کے علاقے 36 بی لعل مزار گندی گلی میں کچرا کنڈی سے ایک بچے کی بوری بند لاش ملی جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بچے کی شناخت 7 سالہ سعد علی ولد سلمان علی کے نام سے ہوئی۔پولیس کے مطابق مقتول بچہ 18 ستمبر کو تھانہ لانڈھی کی حدود بی ایریا نزد گوشت مارکیٹ سے لاپتہ ہوا تھا جس کی گمشدگی کا مقدمہ تھانہ لانڈھی میں درج کیا گیا تھا۔پولیس نے بتایا کہ بچے کو قتل کیا گیا ہے یا کوئی اور معاملہ ہے تمام پہلو ئو ں سے دیکھا جارہا ہے۔بچے کے والد کا کہنا ہے کہ مقتول سعد ان کا اکلوتا بیٹا تھا، وہ گھر سے پیسے لے کر چیز لینے نکلا تھا اس کے بعد سے لاپتہ تھا، 5 روز سے ہم مسلسل اسے تلاش کرتے رہے۔ بچے کے والد اور ماموں نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے بچے کی تلاش میں انکی کوئی مدد نہیں کی، انہوں نے اعلی حکام سے انصاف کی اپیل کردی۔ ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ بچے کے مبینہ اغوا اور قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی