i پاکستان

کراچی ، عمرہ کرانے کے نام پر منشیات اسمگل کرنے والے ٹریول گینگ کے سرگرم ہونے کا انکشاف، عمرے پر جانیوالی فیملی سعودی عرب میں پھنس گئیتازترین

September 23, 2025

کراچی کے علاقے سرجانی ٹائون سے عمرے پر جانے والی فیملی سعودی عرب میں پھنس گئی۔رپورٹ کے مطابق عمرہ کرانے کے نام پر منشیات اسمگل کرنے والے ٹریول گینگ کے سرگرم ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔8 ستمبر کو ایک ہی خاندان کے 4 افراد عمرے کی ادائیگی کے لئے گئے، زائرین میں 23 سالہ زاہدہ، 26 سالہ جمیل، 28 سالہ ذاکر اور 45 سالہ انوری شامل ہیں۔اہلخانہ نے بتایا کہ جمیل مزدوری کرتا ہے اس کا ایک نوزائیدہ بیٹا ہے، زاہدہ کی دو بچیاں ہیں، 8 ستمبر کو گھر والے عمرے کے لیے کراچی سے جدہ روانہ ہوئے، 10 دن تک ان سے رابطہ نہیں ہورہا تھا، 19 ستمبر کو غیرملکی نمبر سے کال آئی، بتایا گیا کہ ہمارے سامان سے منشیات، ممنوعہ اشیا برآمد ہوئی ہیں۔متاثرہ اہلخانہ کے مطابق بتایا گیا کہ گھر والے سعودی حکومت کی حراست میں ہیں، لیگیج احرام، عمرے میں استعمال ہونے والی اشیا ٹریول ایجنٹ علی نے دی تھیں اور گھر والوں کے سامان کو منع کرکے خود سے سامان دیا۔اہلخانہ نے بتایا کہ ٹریول ایجنٹ سے رابطے کی کوشش کررہے ہیں لیکن وہ مفرور ہے، ہمارے گھر والے بے گناہ ہیں، منشیات کے کیس میں پھنسایا گیا ہے۔متاثرہ اہلخانہ نے وزیراعظم، وزیر خارجہ، اعلی حکام سے اپیل کی ہے کہ بے گناہ گھر والوں کو فوری پاکستان لایا جائے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی