i پاکستان

کراچی، گھر خالی کرانے کے دوران فائرنگ، علاقے میں شدید خوف و ہراس، کوئی جانی نقصان نہیں ہواتازترین

November 28, 2025

کراچی کے علاقے گلشن اقبال تیرہ ڈی ون میں فائرنگ سے علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا، عدالتی احکامات پر عملہ اور پولیس گھر خالی کرانے پہنچے تھے۔تفصیل کے مطابق کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال 13 ڈی ون میں گھر خالی کرانے کے دوران فائرنگ کے واقعے سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔پولیس نے بتایا کہ عدالتی احکامات پر عملہ اور پولیس ٹیم گھر خالی کرانے کیلئے موقع پر موجود تھی کہ اچانک فائرنگ شروع ہوگئی۔عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے وقت علاقے کے متعدد مکین وہاں موجود تھے، جس سے صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ اہلکاروں کی موجودگی میں کی گئی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس نے بتایا کہ کشیدہ صورتحال کے باعث گھر خالی کرانے کا عمل روک دیا گیا ہے اور اسے ایک روز کے لئے موخر کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے بلدیہ ٹائون میں شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق لاش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تقریب میں ہوائی فائرنگ کرنے والا شخص فرار ہے۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد مشتعل افراد نے ملزم کی گاڑی کو جلانے کی کوشش کی۔ادھر پولیس نے گلشن اقبال میں نجی کورئیر کمپنی کے دفتر میں ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی، مقابلے کے بعد ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ 2 فرار ہوگئے۔پاک کالونی میں اسنیپ چیکنگ کے دوران پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش کو گرفتار کرلیا ۔ ملزم سے آئس برآمد کرلی گی۔ذرائع کے مطابق ملزم پر منشیات ، اسلحہ اور پولیس مقابلے کے 10سے زائد مقدمات درج ہیں ۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی