کراچی کے علاقے ملیر میں حساس ادارے کے آپریشن میں مشروبات بنانے والے یونٹ میں کروڑوں کی ٹیکس چوری پکڑلی گئی ۔تفصیل کے مطابق وفاقی حساس ادارے نے ایف بی آر اور مقامی پولیس کے ہمراہ ملیر گڈاپ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے دانی انٹرنیشل کے نام سے بیوریج مینوفیکچرنگ یونٹ سیل کر دیا ، جہاں فیکٹری مالک بابر خان کی جانب سے کروڑوں کی ٹیکس چوری کی جا رہی تھی۔حکام کے مطابق کارروائی وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کی ہدایت پر کی گئی، حکام کے مطابق یونٹ ایف بی آر میں ایس ٹی آر این کے تحت رجسٹرڈ ہے، یونٹ مالک بابر خان نے گزشتہ ماہ صرف 600 روپے سیلز ٹیکس جمع کروایا۔مینوفیکچرنگ یونٹ 12 ایکڑ کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے، بابر خان ایک مویشی فارم کا بھی مالک ہے اور آم کا بڑا برآمد کنندہ بھی ہے، جس نے 1 سال میں 10 کروڑ سے زائد ٹیکس چوری کیا، دانی انٹرنیشنل سے 1 سال میں 38 کروڑ 86 لاکھ کے قریب مشروبات فروخت ہوئے۔ چھاپے کے دوران غیر رجسٹرڈ بیوریج برانڈز کا بڑا ذخیرہ بھی ملا، جس میں مشروبات سے بھری ہوئے 4 لاکھ 30 ہزار بوتل، جب کہ 5 لاکھ سے زائد خالی بوتلیں ملیں۔حکام کے مطابق مینوفیکچرنگ پلانٹ جدید اور درآمد شدہ مشینری سے لیس ہے، ایف بی آر یونٹ سے پیداوار اور فروخت کا مکمل ڈیٹا اکٹھا کر رہا ہے، تاکہ اصل ٹیکس چوری کا تعین کیا جا سکے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی