کراچی میں مختلف حادثات و واقعات میں خاتون اور بچے سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ کمسن بچی سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیل کے مطابق شہر قائد کے علاقے کلفٹن بن قاسم پارک مندر کی دیوار سے گر کر ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ایس ایچ اوبوٹ بیسن محمد ریاض نے بتایا کہ کلفٹن میں واقع مندر میں ایک تقریب چل رہی تھی جس کو دیکھنے کے لیے دو بھائی مندر کی دیوار پرچڑھ گئے۔اچانک ایک بھائی توازن برقرار نہ رکھنے کی وجہ سے دیوار سے گرگیا، گرنے والے والا شخص چوٹ لگنے کے سبب ہلاک ہوگیا۔ایدھی حکام کے مطابق متوفی کو ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 38 سالہ جیٹا ولد چندوکے نام سے یوئی۔ایس ایچ او بوٹ بیسن کا کہنا ے کہ پولیس حادثہ کی تحقیقات کررہی ہے۔متوفی مندر کے اطراف کا رہائشی بتایا جاتا ہے ۔ادھر لیاقت آباد سپر مارکیٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لئے عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 50 سالہ تنویر احمد کے نام سے کی گئی جو کہ راہگیر تھا۔جبکہ حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے جس کی پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے ۔
ادھر کراچی کے علاقے گلشن معمار افغان کیمپ میں گھر سے ایک خاتون کی لاش ملی جو پراسرار طور پر جاں بحق ہوگئی۔متوفیہ کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال لیجائی گئی۔ ایدھی حکام کے مطابق خاتون کی شناخت 22 سالہ بشرا زوجہ نظام کے نام سے کی گئی اور متوفیہ کے والد نے الزام عائد کیا ہے کہ بیٹی کو مبینہ طور پر شوہر نے مارا ہے۔ فوری طور پر خاتون کی وجہ موت کا تعین نہیں ہوسکا تاہم لیڈی ایم ایل او کے معائنے اور میڈیکل رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی وجہ موت کا تعین ہو سکے گا۔اس حوالے سے ایس ایچ او گلشن معمار عبدالغفار کورائی اور ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا ولایت شاہ نے رابطہ کرنے پر واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے ۔ دریں اثناء سکھن کے علاقے بھینس کالونی جمعہ حمائتی گوٹھ میں مین ہول سے کمسن بچے کی لاش ملی ہے۔ ایس ایچ او سکھن ملک سلیم نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش نکال کر جناح اسپتال منقتل کر دی ہے۔ متوفی بچے کی شناخت 2 سالہ سمیر ولد عامر کے نام سے کی گئی جو کہ اسی علاقے کا رہائشی تھا۔
متوفی گزشتہ شب گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ لائٹ نہ ہونے کے باعث اندھیرے کی وجہ سے کھلے ہوئے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔تاہم پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی ۔ دوسری جانب شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں کمسن بچی سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے جس میں 2 ڈاکووں کی فائرنگ کا نشانہ بنے۔ قائد آباد کے علاقے ریڑھی گوٹھ احسان گراونڈ کے قریب فائرنگ کے واقعے میں 2 افراد 35 سالہ رخسار ولد عبدالرحمن اور وسیم ولد سیف اللہ کے نام سے کی گئی۔جبکہ قائد آباد پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے جس کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔قصبہ اسلامیہ کالونی میں گھر کے اندر گولی لگنے سے کمسن بچی زخمی ہوگئے جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا۔ پیر آباد پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے پیش آیا ہے جس کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے۔دریں اثنا گلشن حدید میں فائرنگ سے 26 سالہ شوکت زخمی ہوگیا ، چھیپا حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ خود سے اتفاقیہ گولی چلنے کی وجہ سے پیش آیا ہے جس کی پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی