کراچی کے علاقے گلشن حدید میں سمندری بابا مزار کے قریب مسافر بس الٹ گئی، حادثے میں 4 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے جبکہ کورنگی کراسنگ کے قریب ٹینکر نے خاتون کو روند کر ایک اور زندگی کا چراغ گل کردیا جس کے بعد مشتعل افراد نے ٹینکر کو آگ لگا دی ۔ ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں، جاں بحق افراد کی شناخت 60 سالہ پنا زوجہ محمد علی، 35 سالہ کوثر، 59 سالہ عبدالغفور اور 25 سالہ غلام فرید کے ناموں سے ہوئی۔حادثے میں جاں بحق افراد کی لاشوں اور 8 زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور امدادی کام جاری ہے۔دوسری جانب کراچی میں قوانین اورقواعد کے باوجود ہیوی وہیکل کو لگام نہیں ڈالی جاسکی، ۔ کورنگی کراسنگ کے قریب تیز رفتار ٹینکر نے خاتون کو روند دیا، جس کے نتیجے میں خاتون جان کی بازی ہار گئی۔افسوسناک واقعے کے بعد مشتعل افراد نے ٹینکر کو آگ لگا دی، حادثے کے بعد ڈرائیور فرار ہوگیا جبکہ عوام نے کلینر کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی