کراچی میں پانی کے گڑھے میں گر کر 3 سال کی بچی جاں بحق ہو گئی جبکہ پر اسرار طور پر لاپتا بچے کی لاش گٹر سے ملی ہے ۔پہلا واقعہ کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں موسمیات کے قریب پیش آیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بچی کی لاش قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔شہریوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہیکہ گڑھوں کو فوری طور پر بند کر کے حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔ دوسری جانب سلطان آباد سے پر اسرار طور پر لاپتا ہونے والے بچے کی لاش اتوار کی شب گٹر سے مل گئی۔ پولیس حکام کے مطابق ڈاکس کے علاقے سلطان آباد نیو حاجی کیمپ حبیب اسکول کے قریب گٹر لائن سے لاش کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو عملہ موقع پر پہنچ گئے ۔ پولیس نے ریسکیو رضا کاروں کی مدد سے لاش کو نکال کر سول اسپتال منتقل کیا جب کہ بچے کی شناخت ابوبکر کے نام سے کی گئی۔پولیس ل نے بتایا کہ لاش دو روز پرانی ہے، بچے کی وجہ موت فوری طور پر سامنے نہیں آسکی ہے، بچہ دو روز قبل لاپتا ہوگیا تھا جس کا مقدمہ درج کرلیا تھا تاہم اس کی لاش گٹر سے ملی ۔ پولیس کے مطابق ممکنہ طور پر بچہ کھیلتے ہوئے گٹر میں گر کر جاں بحق ہوگیا ہو تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد وجہ موت کا تعین ہوگا البتہ واقعے کی مزید تفتیش کا عمل جاری ہے، اطراف میں لگی سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی جارہی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی