کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں پولیس اہلکار وسیم اختر کے قتل کا مقدمہ درج ہو گیا، مقدمہ مقتول اہلکار کے والد نذیر حسین کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول اہلکار وسیم اختر کے قتل کی ایف آئی آر ان کے والد کی مدعیت میں درج کر لی گئی ہے، اہلکار وسیم کا والد پولیس میں ایس آئی اور لانڈھی تھانے میں تعینات ہے۔مدعی نذیر حسین کی درج ایف آئی آر کے مطابق مقتول بیٹا گلشن معمار تھانے میں تعینات تھا اور صبح ڈیوٹی پر جانے کے لیے نکلا تھا، لیکن دوپہر کو اطلاع ملنے پر وہ عباسی شہید اسپتال پہنچا تو بیٹے کی لاش دیکھی۔مدعی مقدمہ نے بتایا کہ ان کے بیٹے وسیم کو ہاتھ اور سینے پر گولیاں لگی ہوئی تھیں، بیٹے کو سائٹ ایریا حبیب بینک چورنگی کے قریب موٹر سائیکل سوار نے روکا تھا، اور اس پر فائرنگ کی تھی، جس پر بیٹے نے بھی جوابی فائرنگ کی، بعد میں معلوم ہوا فائرنگ کرنے والا رینجرز اہلکار ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی