کراچی میں مبینہ مقابلوں کے بعد 2 زخمی سمیت 4 ڈاکوئوں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔تفصیل کے مطابق شارع نورجہاں پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب نارتھ ناظم آباد بلاک کیو مین روڈ کٹی پہاڑی سے مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 3 ڈاکوئوں کو گرفتار کر لیا، زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت 25 سالہ محمد عثمان ولد محمد اسحاق کے نام سے کی گئی جبکہ دیگر دو گرفتار ملزمان نے اپنے نام خرم حسین ولد شکیل حسین اور محمد عزیز ولد محمد اسحاق بتائے۔ گرفتار ملزمان سے دو پستولیں بمعہ گولیاں ، موبائل فونز ، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔ ادھر گارڈن پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب لیاری مرزا آدم خان روڈ کشتی چوک کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت 30 سالہ محمد یونس ولد محمد ابراہیم کے نام سے کی گئی۔گرفتار ملزم کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ، گرفتار ملزم سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فون ، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی