i پاکستان

کراچی ،ٹریفک پولیس نے متعدد ٹریفک اہلکاروں کے چالان کر دیےتازترین

July 28, 2025

شہر قائد میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کروانے کے لیے جاری مہم میں پیٹی بند بھائی بھی نہ بچ سکے، اور ٹریفک پولیس نے متعدد اہلکاروں کے چالان کر دیے، جو شہریوں کے لیے ایک پیغام ہے کہ اب قوانین پر عمل درآمد کے سلسلے میں کوئی رو رعایت نہیں برتی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر پیٹی بند بھائی بھی ٹریفک اہلکاروں کے ہاتھوں نہ بچ سکے، محکمہ ٹریفک کی جانب سے جاری مہم کے دوران پولیس نے متعدد اہلکاروں کے چالان اور جرمانے بھی کر دیے ہیں۔ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کے مطابق ٹریفک پولیس بلا تفریق کارروائیاں کر رہی ہے، عام شہری کی طرح محکمہ ٹریفک کے کسی افسر یا اہلکار کو بھی قانون شکنی کی اجازت نہیں ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق اب تک 24 سے زائد اہلکاروں کو مختلف خلاف ورزیوں پر جرمانے کیے گئے ہیں، جن میں 23 کا تعلق ٹریفک پولیس جب کہ ایک کا تعلق ڈسٹرکٹ پولیس سے ہے، پیرمحمد شاہ نے بتایا کہ جن اہلکاروں کے چالان کیے گئے ان میں 8 اہلکار سٹی، 1 کورنگی، 7 ایسٹ، 7 ساتھ اور 1 ڈسٹرکٹ سینٹرل میں تعینات ہے۔جن اہلکاروں کے چالان ہوئے ان کی خلاف ورزیوں کے بارے میں ڈی آئی جی نے بتایا کہ کچھ اہلکاروں نے ہیلمٹ نہیں پہنا تھا، اور کچھ غلط سمت موٹر سائیکل چلا رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کروانے کے لیے بلاتفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی