i پاکستان

کراچی، شادی کی تقریب میں ماموں کی ہوائی فائرنگ سے17 سالہ بھانجی جاں بحق ،تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 6 افراد زخمیتازترین

September 27, 2025

کراچی میں شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے آئی 17 سالہ فاطمہ ماموں کی ہوائی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئی جبکہ تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 6 افراد زخمی ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق کراچی میں ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹائو ن سیکٹر 20 بی میں واقع رہائشی گھر کے اندر فائرنگ سے لڑکی جاں بحق ہوگئی۔خاتون کی لاش کو ایدھی ایمبولنس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں لڑکی کی شناخت 17 سالہ فاطمہ دختر احمد کے نام سے کرلی گئی۔پولیس ے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ شادی کی تقریب کے دوران ہونے والی مبینہ ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں 17 سالہ لڑکی جاں بحق ہوئی۔ لڑکی کی لاش کے ہمراہ جناح اسپتال پہنچنے والے مقتولہ کے ماموں نثار نے پولیس کو ابتدائی بیان ریکارڈ کروادیا ہے۔تاہم واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

دوسری جانب نارتھ کراچی سلیم سینٹر کے قریب ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق زخمی افراد کو طبی امداد فراہم کرنے کیلئے قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔۔پولیس کے مطابق حادثہ کار سوار شخص کی تیز رفتاری اور غفلت کے باعث پیش آیا جس نے مرکزی شاہراہ سے گزرنے والی 4 موٹر سائیکلوں کو ٹکر ماری۔حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے تمام افراد موٹر سائیکل پر سوار تھے جو معمولی نوعیت کے زخم آئے۔ حادثے کے بعد راہ گیر افراد نے کار سوار شخص کو پکڑ کر قریب موجود پولیس موبائل کے حوالے کیا۔کار سوار شخص مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تھا جو حادثے کے دوران خود بھی معمولی نوعیت کا زخمی ہوا ہے۔ تاہم کار سوار شخص کی شناخت تاحال سامنے نہیں آسکی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی