i پاکستان

کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش، نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہتازترین

September 08, 2025

کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، موسلا دھا ر بارش کے پیش نظر کراچی کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے اگلے 2 روز میں مزید موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کردیا۔کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، شاہراہ فیصل سمیت مختلف علاقوں میں بادل برسے۔ڈیفنس، قیوم آباد، کورنگی روڈ، برنس روڈ، ایم اے جناح روڈ پر بھی بوندا باندی ہوئی۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی روڈ، گلشن اقبال، محمود آباد، منظورکالونی، بلوچ کالونی اور اطراف میں بھی باران رحمت کا نزول ہوا ۔

بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونا شروع ہوگیا۔محکمہ موسمیات نے کراچی میں 2 روز تک گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، موسلا دھا ر بارش کے پیش نظر کراچی کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب سندھ کے مختلف علاقوں میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ لاڑکانہ، حیدر آباد، سجاول، ٹھھٹہ، سکھر، اوباڑو، ڈہرکی، میرپورماتھیلو اور نوشہرو فیروز سمیت مختلف شہروں میں تیز بارش ہوئی، جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔محکمہ موسمیات نے اگلے 2 روز میں مزید موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 10 ستمبر تک تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپور خاص،سانگھڑ، خیر پور اور شہید بے نظیرآباد سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی