کراچی میں تھانہ پاپوش نگر سے فرار ہونے والے ملزم کی پولیس کی فائرنگ سے ہلاکت کے واقعے کی انکوائری کے بعد تفتیشی افسر (آئی او) اور سنتری کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا گیا۔رپورٹ کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ غفلت اور قتل بالسبب کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے، ہلاک ملزم عباس تھانے سے فرار ہوتے ہوئے پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوا تھا۔ملزم عباس گزشتہ روز تھانہ پاپوش نگر کی حدود سے آئس برآمد ہونے کے مقدمے میں گرفتار ہوا تھا، ملزم کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی موجود ہے۔ملزم ماضی میں ڈکیتی، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور دیگر سنگین جرائم میں بھی گرفتار ہوچکا ہے۔تفتیشی افسر ملزم کو لاک اپ سے نکال کر رپورٹنگ کے لیے لے جا رہا تھا، ملزم اچانک تفتیشی افسر کا ہاتھ چھڑوا کر فرار ہوگیا۔تعاقب کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر تھانے کے قریب ندی کے پاس سنتری سے سرکاری اسلحہ چھیننے کی کوشش بھی کی تھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی