کراچی کے دو مختلف علاقوں میں گزشتہ رات دو افراد کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتے ہیں۔تفصیل کے مطابق کراچی کے علاقے اتحاد ٹان، گلشن غازی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا ہے، مقتول کی شناخت 35 سالہ حبیب رحیم کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، لاش اور زخمی کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے تھے، جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول اور شواہد جمع کیے گئے ہیں۔پولیس کے مطابق عینی شاہدین کے بیان قلم بند کیے گئے ہیں، جب کہ قتل کی واردات کے بعد فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔دوسرا واقعہ کراچی کے علاقے بلدیہ سیکٹر 14 سی میں پیش آیا، جس میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا، جس کی شناخت 50 سالہ محمد ندیم کے نام سے ہوئی ہے، لاش اسپتال منتقل کر دی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول سے کسی قسم کی لوٹ مار نہیں کی گئی، واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھیکر لیے ہیں، اور واقعے کی تمام پہلوں سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی