کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کے مبینہ مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو ہلاک، دو زخمیوں سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق اورنگی ٹائون گلشنِ بہار میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جس کی شناخت 24 سالہ محمد یونس کے نام سے ہوئی ہے۔دوسری جانب ملیر نشتر آباد میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم ہلاک ہو گیا، جس کی لاش قانونی کارروائی کے لئے اسپتال منتقل کی گئی۔ادھر لیاقت آباد تین پٹی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں پولیس نے زخمی سمیت تین ڈاکو گرفتار کر لئے۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں واجد، طلال اور عبدالحفیظ شامل ہیں۔ زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔دوسری جانب کراچی کے علاقے ماڈل کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے میں مارے جانے والا ملزم 12 سالہ بچے کے قتل سمیت جرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث انتہائی مطلوب نکلا۔ماڈل کالونی پولیس کے ہاتھوں مبینہ مقابلے میں ہلاک ملزم بدنام زمانہ ڈاکو رضوان نکلا، ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری کے مطابق ہلاک ملزم سے ایک پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں، اور اس کے خلاف 2 درجن سے زائد مقدمات درج ہیں۔
ایس ایس پی کورنگی کے مطابق ملزم 12 سالہ بچے کے قتل سمیت درجنوں سنگین وارداتوں میں ملوث تھا، ملزم کی وارداتوں کی کئی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی موجود ہیں، ماڈل کالونی پولیس نے دوران گشت ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا، تو انھوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی، اور جوابی فائرنگ میں ملزم مارا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ 15 فروری 2025 کو ہلاک ملزم رضوان نے لانڈھی بابر مارکیٹ میں واردات کی تھی، فرار ہوتے ملزم نے لانڈھی 89 کے قریب دوسری واردات کی، جب لوگ اس کے پیچھے لگ گئے تو ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، اور گولی لگنے سے گھر کے باہر کھیلتا 12 سالہ شانو جاں بحق ہو گیا۔ایس ایس پی کے مطابق گولی لگنے سے مقتول بچے کی والدہ بھی زخمی ہوئی تھی، اس کیس کی تحقیقات اسپیشل انویسٹگیشن یونٹ کر رہی تھی، پولیس کی جانب سے مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی