کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون میں سسرالیوں کے ساتھ تلخ کلامی پر داماد آپے سے باہر ہوگیا اور فائرنگ کرکے اپنے سسر سمیت 3 افراد کی جان لے لی۔ تفصیل کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹائو ن مومن آباد چوک کے قریب سسرالیوں کے ساتھ تلخ کلامی پر داماد نے فائرنگ کرکے اپنے سسر سمیت 3 افراد کو قتل کردیا، اور موقع سے فرار ہوگیا۔پولیس نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر مفرور داماد کے والد اور رشتے دار کو گرفتار کرکے جائے وقوع سے اسلحہ بر آمد کرلیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول غوث الدین رشتے داروں کے ہمراہ بیٹی کیگھر آیا تھا، اس دوران داماد نے تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کر دی۔مرنے والوں کی شناخت غوث الدین، گل بت خان، امین کے ناموں سے ہوئی ہے، پولیس کے مطابق 3 افراد کو فائرنگ کرکیقتل کرنے والے مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، مقتولین کے قریب موجود ایک پستول برآمد کیا گیا۔حکام کے مطابق مقتول غوث الدین رشتے داروں کے ہمراہ بیٹی کیگھر گیا تھا، اس دوران تلخ کلامی ہوگئی تو ان کے داماد، اس کے والد اور رشتے داروں نے فائرنگ کی، گرفتار ملزمان میں مقتول کی بیٹی کا سسراور رشتے دار ملزم رحمت شامل ہے۔
پولیس سسر کو قتل کرکے فرار ہونے والے داماد کو تلاش کر رہی ہے، جسے جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ دوسری جانب کراچی میں فیروزآباد کے علاقے پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 میں واقع ایک رہائشی عمارت کی نویں منزل سے گر کر 13 سالہ بچی جاں بحق ہو گئی۔واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پیش آیا، جسے پولیس نے ابتدائی طور پر پراسرار قرار دیا ہے۔پولیس کے مطابق واقعہ مکہ سینٹر کی نویں منزل پر واقع فلیٹ میں پیش آیا، جہاں سے ایک کمسن بچی نیچے گر گئی۔جاں بحق ہونے والی بچی کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کی۔اسپتال ذرائع کے مطابق متوفیہ بچی کی شناخت عمیرہ دختر جاوید، عمر تقریبا 13 سال کے طور پر ہوئی ہے۔ تاہم بچی کے ورثا نے پولیس کارروائی کرانے سے انکار کرتے ہوئے لاش اپنے ہمراہ لے گئے۔علاقہ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور واقعے کے مختلف پہلوں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی نوعیت حادثہ، خودکشی یا کوئی مجرمانہ پہلو تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی