کراچی میں گزشتہ24گھنٹوں کے دوران 8 ٹریفک حادثات میں 2 خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔پولیس حکام کے مطابق حادثات نیو سبزی منڈی، ناظم آباد، ریڈیو پاکستان، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، منگھوپیر، لانڈھی اور گلستان جوہر میں پیش آئے ہیں، نیو سبزی منڈی کے قریب حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوا، متوفی کی شناخت شیراز حمید کے نام سے ہوئی ہے۔ناظم آباد ایک نمبر میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے خاتون جاں بحق ہوئیں، جس کی شناخت نہیں ہو سکی، شاہ فیصل کالونی پل پر چلتی چنگچی سے خاتون گر گئی، جس کو بس نے کچل دیا، 24 سال کی اقرا جاں بحق اور 5 ماہ کی بچی صبیحہ شدید زخمی ہو گئی۔منگھوپیر میں موٹر سائیکل سوار بس تلے کچل کر جان سے گیا، ریڈیو پاکستان کے قریب رکشے کی ٹکر سے راہ گیر جاں بحق ہوا، گلستان جوہر میں گاڑی کی ٹکر سے فوڈ ڈیلیوری رائیڈر زخمی ہو گیا۔پولیس کے مطابق منگھوپیر پختون آباد والے واقعے میں تیز رفتار مسافر بس نے رانگ وے آتے ہوئے موٹر سائیکل سواروں کو کچل ڈالا، حادثے میں علی حسن نامی نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا، جب کہ عباس نامی شہری زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
حادثے کے بعد پولیس نے مسافر بس کے ڈرائیور کو گرفتار کر کے بس تحویل میں لے لی ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ کس کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا اس کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ دوسری جانب شاہ فیصل کالونی برج پر چلتے چنگچی سے خاتون شیر خوار بچی سمیت گرنے سے بس کے پہیوں تلے کچل گئی، حادثے میں سالہ خاتون جاں بحق جب کہ 5 ماہ کی بچی شدید زخمی ہوئی۔رواں سال ٹریفک حادثات میں 536 شہری جان سے جا چکے ہیں، اور 6 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔ادھر ڈیفنس لائبریری کے قریب ٹریلر بنگلے کی دیوار سے ٹکرا گیا، جس سے ٹریلر ڈرائیور سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے، جن میں 32 سالہ رمضان اور 29 سالہ ارشد شامل ہیں، پولیس حکام کے مطابق حادثے کے باعث رہائشی بنگلے کی دیوار کو نقصان پہنچا ہے، تاہم بنگلا خالی تھا اور فیملی اسلام آباد گئی ہوئی ہے، ٹریلر کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ڈیفنس فیز فائیو خیابان شجاعت کے قریب 2 گاڑیوں میں بھی ٹکر ہوئی ہے، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، حادثے کے باعث ایک گاڑی کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی