کراچی کے مختلف علاقوں میں اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی ، عوامی کالونی اور سرجانی ٹائو ن پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو ہلاک جبکہ زخمیوں سمیت 9 ڈاکوئوں کو گرفتار کر کے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں،فائرنگ کے تبادلے میں ایک راہگیر بھی زخمی ہوگیا۔تفصیل کے مطابق اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل ڈسٹرکٹ ویسٹ زون کی پولیس پارٹی نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب اورنگی ٹائون سیکٹر فور ایف، ضیا کالونی قبرستان کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت 35 سالہ اسماعیل چانڈیو ولد علی مردان کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کے قبضے سے ایک پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کی گئی۔دوسری جانب عوامی کالونی پولیس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب کورنگی نمبر 5 جلیبی چوک کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 4 ڈاکوں کو گرفتار کر لیا۔زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جس کی شناخت 35 سالہ فرحان ولد وکٹر کے نام سے ہوئی ہے۔
دیگر گرفتار ملزمان نے اپنے نام نعمت اللہ، شہزاد اور جنید علی شاہ بتائے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے تین پستول بمعہ گولیاں، موبائل فونز، نقد رقم اور دو موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔ادھر سرجانی ٹائون پولیس نے بھی سیکٹر 5، محبوب شہید پولیس چوکی کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد آصف ولد محمد منظور اور دانیال ولد سہیل مرزا کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے دو پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون، نقد رقم اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی۔ ادھر گڈاپ سٹی پولیس نے سپر ہائی وے سجاد ہوٹل کے قریب مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو کو ہلاک جبکہ اس کے ساتھی کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ پولیس نے تعاقب کیا۔ اس دوران ڈاکوئوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی
جس پر پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت 24 سالہ عباس جبکہ زخمی گرفتار ڈاکو کی شناخت عمران کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دو پستول، گولیاں، نقدی، شہریوں سے چھینے گئے موبائل فونز اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی ہے۔ہلاک ڈاکو کی لاش اور زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ دونوں کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب جمشید کوارٹر پولیس نے جہانگیر روڈ کٹ کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک اور ڈاکو کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔پولیس اور ملزم کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک راہگیر 45 سالہ شاہنواز بھی زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق زخمی ڈاکو کے سر پر گولی لگی ہے اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، تاہم فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہو سکی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی