صوبہ پنجاب کے شہروں قصور اور میانوالی میں ٹریفک کے دو الگ الگ واقعات میں چھٹی جماعت کے طالبعلم سمیت دوافراد جاں بحق ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق تحصیل قصور کے علاقے اولکھ اوتاڑ میں افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں چھٹی جماعت کا طالب علم اسکول وین کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں جان بحق ہونے والے بچے کی شناخت 10 سالہ عدیل کے نام سے ہوئی ہے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ عدیل اسکول وین سے نیچے اتر رہا تھا کہ اسی دوران ڈرائیور سے بریک نہ لگ سکی اور وین بچے پر چڑھ گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا جبکہ اہلِ خانہ غم سے نڈھال ہو گئے۔
ریسکیو ٹیم نے لاش کو ضروری کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کر دیا۔دوسری جانب میانوالی میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔شادیہ انور چوک پر لڑکا روڈ کراس کررہا تھا، دھند کے باعث ڈرائیور کو روڈ کراس کرتے لڑکا نظر نہ آیا، حادثے کے باعث نوجوان موقع پر جاں بحق ہوگیا، اطلاع پر امدادی ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی۔جاں بحق ہونے والے لڑکے کی لاش کو ضروری کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، متوفی کی شناخت محمد عدیل کے نام سے ہوئی ہے، کار ڈرائیور کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی