معاون وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی سلمی بٹ نے مولہنوال ملتان روڈ کے قریب واقع آئل یونٹ پر چھاپہ کارروائی کر کے چربی سے گھی اور تیل تیار کرنے والا بڑا نیٹ ورک بے نقاب کر دیا۔معاون خصوصی سلمی بٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ 10 ہزار لیٹر چربی اور آلائشوں سے تیار تیل تلف کر کے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، یونٹ میں موجود خام مال ضبط کر کے تلف کیا گیا۔سلمی بٹ نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے لائسنس کے بغیر کام کیا جا رہا تھا، چربی اور آلائشوں سے تیار گندا تیل صرف بائیو ڈیزل بنانے میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خوراک کے نام پر زہر بیچنے والوں کیلیے کوئی رعایت نہیں، ملزمان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے اے آر وائی نیوز کی ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مار کر جانوروں کی چربی اور آنتوں سے بھری کڑھائیاں برآمد کی تھیں۔چربی اور آنتوں کو پگھلا کر کوکنگ آئل بنایا جاتا تھا جس کے بعد فیکٹری کو سیل کر دیا گیا۔ کھالوں اور جانوروں کی چربی کو بڑے کڑاہے میں جلا کر تیل نکالا جاتا تھا اور کھال سے چربی علیحدہ کرنے کیلیے تیزاب کا استعمال کیا جاتا تھا۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان میمن کی سربراہی میں چھاپہ مارا گیا تو ملازمین موقع سے فرار ہوگئے تھے۔ فرار فیکٹری مالک اور ملازمین کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی