i پاکستان

لاہور، حوالہ ہنڈی نیٹ ورک بے نقاب، 3 ملزمان گرفتارتازترین

May 15, 2025

ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی کے کاروبار میں ملوث بین الاقوامی نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی گئی ۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ کارروائی لاہور کی ریس کورس روڈ پر کی گئی جہاں بین الاقوامی حوالہ ہنڈی نیٹ ورک سے منسلک تین افراد محمد محسن، مبین رشید اور زاہد کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان دبئی سے چلائے جانے والے حوالہ ہنڈی نیٹ ورک کا حصہ تھے اور غیر قانونی طریقے سے رقوم کی ترسیل میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 1 کروڑ 23 لاکھ 80 ہزار پاکستانی روپے، 20,110 برطانوی پانڈ، 457 سعودی ریال اور 167 امریکی ڈالر برآمد کیے گئے۔ علاوہ ازیں، چیک بکس، ربر اسٹیمپس، رسیدیں اور موبائل فونز بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور بہت جلد پورے نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی