i پاکستان

لاہور،کھیلنے کیلئے آنے والی 9 سالہ بچی کے ساتھ ہمسائے کی مبینہ زیادتی، ملزم گرفتارتازترین

December 16, 2025

لاہور کے علاقے اچھرہ میں 9 سالہ بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی ، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے درندہ صفت ملزم بچی کے ہمسائے کو گرفتار کرلیا۔پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایچ او اچھرہ الیاس سندھو نے اپنی ٹیم کے ہمراہ فاضلیہ کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو ٹریس کر کے حراست میں لیا، جس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔متاثرہ بچی ہمسائے کے گھر کھیلنے کے لیے گئی تھی، جہاں ملزم نے اسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ واقعے کے بعد ملزم بچی کو دھمکیاں دیتا رہا کہ اگر اس نے کسی کو بتایا تو اسے جان سے مار دیا جائے گا۔ بعد ازاں والد حسنین کے دریافت کرنے پر متاثرہ بچی نے تمام واقعہ تفصیل سے بیان کیا، جس پر فوری طور پر پولیس کو آگاہ کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق درخواست موصول ہونے کے بعد ایس پی ماڈل ٹائو ن نے واقعے کی نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اے ایس پی گلبرگ کو خصوصی ٹاسک سونپا۔ ایس پی ماڈل ٹائو ن شہربانو نقوی نے بتایا کہ ملزم فاروق کے خلاف مقدمہ درج کر کے کیس کو جینڈر سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ تفتیش شفاف اور قانون کے مطابق مکمل کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کا استحصال کرنے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کیس کی تفتیش میرٹ پر جاری رکھتے ہوئے متاثرہ بچی کو قانونی تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی