i پاکستان

لیاری حادثہ کے ذمہ دا ر مستعفی ہوں،غیر قانونی بلڈر کو گرفتار کرائیں گے، صرف مقدمہ کافی نہیں، نبیل گبولتازترین

July 07, 2025

پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے لیاری کے علاقے بغدادی میں رہائشی عمارت گرنے کے واقعے کے ذمہ داروں سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا،ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ عمارت بنانے والے بلڈر کے خلاف صرف مقدمہ ہی نہیں بلکہ اسے گرفتار بھی کرائیں گے۔ رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نیزمین بوس ہونے والی عمارت کا دورہ کیا۔اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) بدعنوان ادارہ ہے، ڈی جی ایس بی سی اے ان کا فون تک نہیں اٹھاتے۔ نبیل گبول نے مزید کہا کہ کیا سعید غنی سے بھی استعفے کا مطالبہ کریں، کہا جاتا ہے ایس بی سی اے کا ڈی جی ڈان ہے، اس کو کچھ کہیں گے تو اوپر سے فون آجائے گا۔انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث غیر قانونی بلڈر کے خلاف صرف مقدمہ درج نہیں ہوگا بلکہ اسے گرفتار بھی کرایا جائے گا۔نبیل گبول نے اعلان کیا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن جلد شروع کیا جائے گا، اور اس حوالے سے 120 خطرناک عمارتوں کو خالی کرایا جائے گا تاکہ مزید قیمتی جانوں کا نقصان نہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا میں ہمیشہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایکشن لیتا رہا ہوں۔سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے کرپٹ افسران نے غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری رکھا، ان کے خلاف محض نوٹس نہیں بلکہ عملی کارروائی کی جائے گی۔اعلی سطحی اجلاس میں اس معاملے پر اہم فیصلے کیے جائیں گے۔عوام کو چاہیے کہ وہ غیر قانونی عمارتوں میں خرید و فروخت سے گریز کریں اور شعور پیدا کریں تاکہ ایسی صورتحال دوبارہ نہ پیدا ہو۔نبیل گبول نے واضح کیا کہ شہر میں بے قابو بلڈنگ مافیا اور انہیں تحفظ دینے والے سرکاری عناصر کے خلاف حکومت سنجیدہ ہے اور آنے والے دنوں میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں دیکھنے کو ملیں گی۔نبیل گبول کا مزید کہنا تھا کہ جب سے ایم این اے بنا ہوں کئی عمارتیں گروائیں، 3 ماہ بعد دوبارہ تعمیر ہوجاتی ہیں، دو چار افسران کو میں نے ٹرانسفر بھی کرایا، وہ بلڈر سے پیسے لیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ لوگ غیر قانونی تعمیرات کی طرف کیوں جاتے ہیں،لوگوں کو شعور دینا ہے، 122 عمارتوں کے خلاف کیسے آپریشن کریں گے، لوگوں کو گھروں سے نکالنا مذاق نہیں، بہت بڑا آپریشن ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی