i پاکستان

معرکہ حق میں تاریخی فتح ، ملک بھر میں یوم تشکر بھرپور ملی و قومی جوش وجذبے سے منایا گیا، پاک فوج کو زبردست خراج تحسین، ملکی سلامتی کے عزم کا اعادہتازترین

May 16, 2025

آپریشن " بنیان مرصوص" میں دشمن کی عددی برتری کو عسکری مہارت سے شکست دینے اور معرکہ حق میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں جمعہ کو یوم تشکر بھرپورملی وقومی جوش وجذبے سے منایا گیا ، افواج پاکستان کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا اور ملکی سلامتی کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔یوم تشکر پر ملک بھر میں دن کا آغاز مساجد اور گھرو میںمیں قرآن خوانی اور خصوصی دعائوں سے ہوا، وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں21،21 توپوں کی سلامی دی گئی۔پاک آرمی کے چاق وچوبند دستے کے نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے، فوجی جوانوں نے پاکستان کی سلامتی اور بقا کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے لواحقین سے خصوصی ملاقاتیں کی گئیں اور نماز جمعہ میں بھی پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائوں کا اہتمام کیاگیا ۔یوم تشکر کی مرکزی تقریب پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں منعقد ہو ئی ۔وزیراعظم تقریب کے مہمان خصوصی جبکہ مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی بھی تقریب کا حصہ تھے ۔کراچی میںمزار قائد پر یوم تشکر کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے مزار قائد پر حاضری دی، بابائے قوم کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے ۔

لاہور میں مزار اقبال پر یوم تشکر کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے مزار اقبال پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی، مولانا عبدالخبیر آزاد نے دعا کرائی۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے سندھ سیکرٹریٹ میں پرچم کشائی کی اور معرکہ حق ریلی میں شرکت کی اور قومی اتحاد و جذبے کو سراہا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج نے بہادری سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، وطن کا دفاع ہر پاکستان کا اولین فریضہ ہے، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، قوم دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے اور عوام ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے ۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ تقریب پاکستان کی فتح اور قومی اتحاد کے عزم کی عکاسی ہے۔ مادرِ وطن کا دفاع ہر پاکستانی کا اولین فریضہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے نوجوان ملکی دفاع میں ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دشمن کی سازشوں کا بخوبی ادراک ہے اور پوری قوم متحد ہے۔ سندھ حکومت ہر محاذ پر مدافعینِ وطن کے ساتھ کھڑی ہے۔ترجمان وزیراعلی کے مطابق تقریب میں صوبائی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی اور چیف سیکریٹری سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جس کے دوران شرکا نے وطن سے محبت کا بھرپور اظہار کیا۔ فضا پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ ملک بھر کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی یومِ تشکر بھرپورانداز میں منایا گیا ۔

اپنے ایک بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ معرکہ حق میں عوام اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ فجر کے بعد مساجد میں قرآن خوانی اور دعائوں کا اہتمام کیا گیا جبکہ صوبائی دارالحکومت میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر اور عوامی مقامات پر فجر کے بعد پرچم کشائی کی گئی۔ان کا کہنا ہے کہ خطبہ جمعہ میں قربانی، وحدت اور تشکر پر روشنی ڈالی گئی ۔ مشیر اطلاعات کے پی کے نے مزید کہا کہ شہدا کے اہلِ خانہ سے ملاقاتیں اور قبروں پر پھول چڑھائے گئے جبکہ قومی ہیروز کے مزارات پر حاضری، خراجِ تحسین پیش کیا گیا ۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے یوم تشکر پر گورنر ہائوس پشاور میں پرچم لہرایا۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ بھارت ہماری خاموشی کو کمزوری سمجھ رہا تھا، بھارتی جارحیت میں ہمارے معصوم بچے اور نہتے شہری شہید ہوئے، شہدا کی وطن کیلئے قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو جواب دیا تو پوری دنیا کو بتایا، افواج پاکستان نے ثابت کیا کہ ہمیں اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنی آتی ہے، پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے، ہندوستان بہت چیخ رہا تھا مگر اس کو موثر جواب دیا گیا، ہم پہلے دن سے کہہ رہے تھے ایٹمی طاقتوں کی لڑائی دنیا برداشت نہیں کر سکتی۔گوجر خان میں کیپٹن محمد سرور شہید کی یادگار پر دعائیہ تقریب ہوئی، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔

میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر بھی پھول رکھنے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں مزار پر پھول رکھے گئے اور پاک فوج کے جوانوں نے سلامی پیش کی۔اس کے علاوہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر ملک کے دیگر تمام چھوٹے بڑے شہروں اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان بھر میں بھی تقریبات منعقد ہوگئیں ، یادگار شہدا پر پھول رکھے گئے اور دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا ۔مساجد میں شکرانے کے نوافل اور ملک کی ترقی و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔شہریوں نے بھارتی جارحیت کے خلاف ملک کی کامیابیوں پر خوشی کا اظہار کیا۔ یوم تشکر کی تقریبات کا مقصد قوم کو دشمن کے خلاف حوصلہ، اتحاد اور قربانیوں کی یاد دہانی کرانا ہے۔آپریشن بنیان مرصوص نہ صرف ایک بڑی عسکری کامیابی ہے بلکہ اس نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور قومی عزم کا بھرپور مظاہرہ بھی کیا ہے۔ تعلیمی اداروں میں افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تقریبات کا انعقاد کیا گیا ، پاک فوج زندہ باد، ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے کہ نعروں کی گونج ہر طرف چھائی رہی ، اساتذہ نے بھی بھارت کو بھرپور جواب دینے پر نظمیں پیش کیں۔ یوم تشکرکے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے بھی خصوصی پیغامات جاری کئے اور عظیم کامیابی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔اخبارات میں خصوصی ضمیمے شائع کئے گئے اور سرکاری و نجی نشریاتی اداروں پر خصوصی پروگرامات نشرکئے گئے ۔

دریں اثناء صدر مملکت آصف علی زرداری نے معرکہ حق میں شہید ہونے والے پاک فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے گھر جاکر ان کے والد اور دیگر لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔صدر مملکت نے شہید کی وطن کے لیے خدمات اور دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر قوم کی جانب سے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں پر فخر ہے، پوری قوم، اپنے سپاہیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، ہم اپنے شہدا اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کے ہمیشہ معترف رہیں گے، صدر مملکت نے شہید کے لیے فاتحہ خوانی اور بلندی درجات کی دعا کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا اور انہیں صبر جمیل کی دعا دی۔ علاوہ ازیں یوم تشکر کے موقع پر پنجاب پولیس نے بھارتی جارحیت کے خلاف افواجِ پاکستان کی شاندار کامیابی کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا ۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب پولیس شہدائے بنیان مرصوص کو خراجِ عقیدت اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔انہوں نے پاک فضائیہ کے ان شاہینوں کو بھی سلام پیش کیا جنہوں نے دشمن کی عددی برتری کو خاک میں ملا کر عظیم فتح ممکن بنائی۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس یومِ تشکر کے موقع پر ملک کے اندرونی امن و امان، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور سرحدوں کے دفاع میں افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کیا۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، جو اپنی سرحدوں، خودمختاری اور وقار کے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، افواجِ پاکستان کی یہ شاندار فتح امتِ مسلمہ کے لیے اتحاد، حوصلے اور قیادت کا پیغام ہے۔آئی جی پنجاب نے ہدایت جاری کی کہ یومِ تشکر کے سلسلے میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں منعقدہ تقریبات، ریلیوں اور دیگر عوامی سرگرمیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ شہری بھرپور انداز میں قومی کامیابی کا جشن منا سکیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی