محکمہ موسمیات نے گرمی کی لہر کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج (جمعرات ) سے ہوا کا زیادہ دبا ئو ملک کے بیشتر علاقوں میں اثر انداز ہوگا،15 سے 20 مئی تک سندھ،جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں درجہ حرارت بڑھے گا۔اس کے علاوہ جنوبی علاقوں میں درجہ حرات 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے،وسطی و بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد میں درجہ حرارت زیادہ رہے گا، بالائی علاقوں میں درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری زائد رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کیمطابق 19 مئی کی شام مغربی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوسکتی ہیں،19 اور 20 مئی کو بالائی علاقوں میں تیز ہوائوں کیساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی اضلاع میں شدید گرم رہنے کی توقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ دن کے اوقات میں جنوبی اضلاع میں شدید گرم رہنے کی توقع ہے۔خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے تاہم کوہستان اور مانسہرہ میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ لاہورمیں موسم کے تیور بدلنے لگے،محکمہ موسمیات کی جانب سے رجہ حرارت چالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیش گوئی کی گئی ہے،جبکہ احساس بیالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک ہوسکتا ہے۔اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف علاقوں کا درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کر جائیگا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری دھوپ سے بچیں ، ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کریں ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی