محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشترحصوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کی توقع ہے جبکہ لاہور میں گزشتہ ہفتہ سے جاری گرمی کی شدت میں کمی آگئی، شہرمیں صبح سویرے تیزگرد آلود ہوائیں چلنے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا،گزشتہ روز آنے والی آندھی و طوفان سے مختلف اضلاع میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 14 افراد زخمی ہوگئے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں دن کے اوقات میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔ تاہم گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، بالائی پنجاب میں تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔اسلام آباد میں تیز ہواں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور سرگودھا میں بارش ہونے کی توقع ہے۔ خوشاب، منڈی بہا الدین، حافظ آباد، گجرات، گوجرانوالہ، میانوالی، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، فیصل آباد، شیخوپورہ، جھنگ، نور پور تھل اور بھکر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔چترال، دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، صوابی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، کرم خیبر، وزیرستان، بنوں، کوہاٹ، ہنگو، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان اور گرد و نواح میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیاگیا ہے۔ دوسری جانب گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں آندھی اور طوفان کے باعث درخت اور دیواریں گرنے کے واقعات پیش آئے، جن میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 14 افراد زخمی ہوئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچہ اور دو مرد شامل ہیں۔ زخمیوں میں 8 مرد، 3 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔ نوشہرہ میں 6، پشاور اور مردان میں 2،2 جبکہ خیبر میں ایک شخص زخمی ہوا۔ طوفانی ہواں سے 3 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، جن میں سے ایک ایک گھر پشاور، مردان اور چارسدہ میں متاثر ہوا۔محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور موسمی حالات سے باخبر رہنے کی اپیل کی ہے۔ ادھر لاہور شہر میں صبح سویرے گیارہ کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے سے سورج کی تپش کم ہوگئی۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت بتیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا،جبکہ آئندہ24گھنٹوں میں زیادہ سے زیادہ چالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
۔میٹ آفس کے مطابق شہر میں دس سے پندرہ فیصد بارش کے امکانات بھی موجود ہیں۔ دریں اثنا شدید طوفان کے باعث کوئٹہ میں فلائی جناح کا طیارہ معجزاتی طور پر حادثے سے بچ گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ پائلٹ کی انتہائی مہارت نے طیارے کوطوفان میں سنبھال کر سینکڑوں جانیں بچالیں جہاں شدید طوفان کے دوران نجی ائیرلائنز کے طیارے نے 4بار لینڈنگ کی کوشش کی ، ایندھن کم ہونے کے باوجود چوتھی کوشش میں کامیاب لینڈنگ کی گئی جب کہ پی آئی اے کی ایک پرواز کو تیز ہواں کے باعث کراچی واپس موڑ دیا گیا۔کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فلائی جناح کا طیارہ شدید گرد و غبار کے طوفان کے دوران چار بار لینڈنگ کی کوشش کرتا رہا جب کہ ایندھن بھی کم ہو رہا تھا، شکر ہے کہ چوتھی کوشش کامیاب رہی اور ممکنہ تباہی سے بچا ہو گیا، سوشل میڈیا پر مسافروں کے بے ہوش ہونے کی خبریں درست نہیں ہیں، الحمدللہ سب محفوظ ہیں جب کہ طوفان کے باعث پی آئی اے کی پرواز کو تیز اندھی کی وجہ سے کراچی موڑ دیا گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی