i پاکستان

محرم کے دوران حکومت پنجا ب کے جاری کردہ ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا، عظمی بخاریتازترین

July 03, 2025

وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے محرم الحرام کے انتظامات اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے جھنگ کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اعلی سطح اجلاس کی صدارت کی، جس میں انتظامی افسران، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان اور مختلف مکاتب فکر کے علما کرام نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا کہ محرم کے دوران حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا، جلوسوں کے مقررہ روٹس میں کسی قسم کی تبدیلی قابل قبول نہیں ہوگی، سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ تمام مکاتب فکر کے علما کرام صبر، تحمل اور رواداری کا پیغام دیں تاکہ محرم کے دوران امن و ہم آہنگی کو یقینی بنایا جا سکے۔وزیر اطلاعات پنجاب نے جلوسوں کے راستوں پر روشنی، پانی کے چھڑکائو اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے عمل کا بھی جائزہ لیا اور انتظامیہ کو ہدایت دی کہ ان امور میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔

عظمی بخاری نے سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اکائونٹس کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے اور مذہبی انتشار پھیلانے والوں کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔دورے کے دوران وزیراطلاعات نے سیف سٹی اتھارٹی کے کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں محرم الحرام کے جلوسوں کی مانیٹرنگ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، بعد ازاں انہوں نے جھنگ سٹی میں جلوسوں کے 3.5 کلومیٹر طویل مرکزی روٹ کا معائنہ کیا اور امام بارگاہ مہاجرین میں منتظمین سے ملاقات کر کے انتظامات سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔انہوں نے شہر بھر میں لگائے گئے سبیل پوائنٹس کا بھی دورہ کیا اور متعلقہ اداروں کو صفائی و ستھرائی اور فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں کی موجودگی کو موثر بنانے کی ہدایت جاری کی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی