i پاکستان

ملک بھر میں مون سون کا زوردار سپیل جاری ، چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں 16 افراد جاں بحق،متعددزخمیتازترین

July 16, 2025

ملک بھر میں مون سون کا زوردار سپیل جاری ہے ، لاہور سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں مختلف حادثات میں مزید 16 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیل پھٹنے کا خطرہ بڑھنے سے الرٹ جاری کردیا گیا ہے ،محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ۔تفصیل کے مطابق جڑواں شہروں راولپنڈی، اسلام آ باد اور لاہور سمیت پنجاب بھر میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے متعدد شاہراہیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں،پانی گھروں میں داخل ہوگیا ۔واسا کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے علاقے پانی والا تالاب میں سب سے زیادہ 171 ملی میٹر، اقبال ٹائون میں 169 ملی میٹر، تاجپورہ میں 167 ملی میٹر، مغلپورہ میں 135، لکشمی چوک میں 133 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بادل خوب برسے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں ڈسکہ، حافظ آباد، وزیرآباد، سانگلہ ہل، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ننکانہ صاحب، منچن آباد، بہاولنگر، پاکپتن، عارف والا، قصور اور فاروق آباد میں بھی جم کر بادل برسے، جس سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب بارش کے باعث لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ کے گائوں مرید وال میں گھر کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 افراد زخمی ہوئے، جاں بحق افراد میں 60 سالہ مانگا، 55 سالہ عشرت، 3 سالہ خدیجہ، 4 سالہ لطیفہ اور 35 سالہ رانی، جبکہ زخمیوں میں 30 سالہ فیصل اور 5 سالہ ببلی شامل ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق امدادی گاڑیاں اور عملہ جائے حادثہ پر پہنچ گیا، گھر کی چھت مٹی اور لکڑی سے بنی ہوئی تھی، اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے ملبے تلے پھنسے 2 افراد کو زندہ نکال لیا۔ اس کے علاوہ رائیونڈ کے علاقے مشن کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، ایک شخص کو زندہ نکال لیا گیا، ریسکیو کے مطابق رائیونڈ روڈ پر ہی کوٹ جمال پورہ میں لڑکی اور مٹی سے بنی گھر کی چھت گر گئی، جبکہ ہربنس پورہ میں کرنٹ لگنے سے 2 بچے دم توڑ گئے۔ادھر فیصل آباد میں لکڑی اور سرکنڈوں سے بنی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے جبکہ بچے محفوظ رہے۔ فیصل آباد میں ستیانہ روڈ پر بارش کے باعث لکڑی اور سرکنڈوں سے بنی چھت گر گئی، ملبے کے نیچے دب کر میاں بیوی جاں بحق جبکہ تین بچے معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔

ہریانہ جھامرہ کا رہائشی پچاس سالہ شہامند اور اس کی چالیس سالہ بیوی ریاض بی بی رچنا ٹائون کے قریب حویلی میں قائم بھینسوں کے باڑے میں لکڑی اور سرکنڈوں کی چھت والے کمرہ میں اپنے تین بچوں کے ساتھ رہتے تھے۔بدھ کو علی الصبح اہلخانہ سو رہے تھے کہ بارش کی وجہ سے خستہ حال چھت ان پر گر گئی، ملبے کے نیچے دب کر میاں بیوی موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کے تینوں بچے محفوظ رہے، ریسکیو ٹیم نے دونوں لاشیں ملبے سے نکال ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیں۔ادھر چشتیاں میں مکان کی چھت گر گئی، ملبے تلے دب کر ماں بیٹا زخمی ہوگئے، پاکپتن میں بھی مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔حویلی لکھا اور اوکاڑہ میں چھتیں گرنے سے 2 افراد جان سے چلے گئے، جامشورو میں بارش کے باعث خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے، رینالہ خورد میں کرنٹ لگنے سے 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے چھتیں گرنے سمیت دیگر حادثات میں لوگوں کے جاں بحق ہونے پر دکھ کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔اس دوران لاہور میں طوفانی بارش کے باعث 3 مسافر بردار طیارے ایئرپورٹ پر فضا میں چکراتے رہے، پروازوں کو لینڈگ میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

لاہور ایئرپورٹ آنے والی تین پروازوں کو ایئر ٹریفک کنٹرول نے فضا میں چکر لگانے کی ہدایت کی، لاہور آنے والی غیر ملکی ایئر لائن کا طیارہ ایئرپورٹ کی حدود میں تھا کہ طوفانی بارش شروع ہو گئی۔دبئی سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز کو بھی فضا میں چکر لگانے کی ہدایت کی گئی، اسی طرح جدہ سے لاہور آنے والی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کو بھی لینڈنگ میں مشکلات پر فضا میں چکر لگانے کی ہدایت کی گئی۔دریں اثنا محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مزید موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، مون سون کا یہ سپیل آج17 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی علاقوں میں بھی موسلادھاربارشوں کے امکانات ہیں جس حوالے سے کنٹرول روم سمیت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ لاہور ، راولپنڈی، فیصل آباد ،گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان اور ساہیوال میں بارش کا امکان ہے جب کہ بہاولپور، جہلم، اٹک، چکوال، مری، گلیات، میانوالی اور نارووال میں بھی بارش متوقع ہے۔

اس کے علاوہ گجرات، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، منڈی بہاالدین میں بھی بارش کے امکان ہے جب کہ موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی اور مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ادھر خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، اس حوالے سے این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔شدید مون سون بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیل پھٹنے کا خطرہ بڑھنے سے الرٹ جاری کردیا۔پی ڈی ایم اے کے مطابق گلیشیائی علاقوں میں گلیشیائی جھیل پھٹنے کے واقعات کا خطرہ بڑھ گیا ہے اور اس سلسلے میں چترال، اپر لوئردیر، سوات اور کوہستان کی ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ چلاس میں تتاپانی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث قراقرم ہائی وے کو بند کردیا گیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی